0
Monday 7 Dec 2020 23:13

جماعت اسلامی کا خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں مظاہروں کا اعلان

جماعت اسلامی کا خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں مظاہروں کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ سابقہ اور موجودہ حکومتوں کی عدم توجہی کی وجہ سے جنوبی اضلاع ترقی اور خوشحالی سے محروم ہیں۔ جنوبی اضلاع میں معدنیات کے بے شمار ذخائر ہیں لیکن کسی بھی حکومت نے ان معدنیات کو نکالنے اور انہیں علاقے کی ترقی کے لئے استعمال کرنے کی زحمت نہیں کی۔ جنوبی اضلاع کو دانستہ حقوق، تعلیم، ترقی اور خوشحالی سے محروم رکھا جارہا ہے۔ جنوبی اضلاع کے حقوق کے لئے دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز اسلامی پشاور سے جاری ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 8 دسمبر کو کرک، 9 دسمبر بنوں اور جمعرات 10 دسمبر کو لکی مرورت میں ڈپٹی کمشنرز دفاتر کے سامنے جنوبی اضلاع کے حقوق کے حوالے سے دھرنے ہوں گے۔ 27 دسمبر کو جنوبی اضلاع کی سطح پر لکی مروت میں جلسہ عام منعقد ہوگا، جس سے جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق خطاب کریں گے۔ جنوبی اضلاع کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہمارے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو پشاور اور اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ جنوبی اضلاع کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہمارے کچھ مطالبات ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جنوبی اضلاع کو تمام سہولیات کے ساتھ سی پیک میں حصہ بشمول موٹروے، ریلوے، اسپیشل اکنامک زون کی فراہمی سمیت فور جی اور مستقبل میں فائیو جی کی فراہمی یقینی بنائی جائی۔ پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان تک سی پیک روٹ ہر قسم کے خطرات سے محفوظ ہوگا، اس لئے اس کی تعمیر کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پینے کے پانی کے مسئلہ کے حل کے لئے چشمہ رائٹ بنک لیفٹ کنال کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اس سے جنوبی اضلاع میں زرعی انقلاب آئے گا۔ تیل اور گیس کی رائلٹی اور قومی و صوبائی بجٹ میں جائز حصہ جنوبی اضلاع کا حق ہے۔ تیل کی صفائی کے لئے جنوبی اضلاع میں آئل ریفائنریاں لگائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ چار اضلاع کرم، اورکزئی اور شمالی و جنوبی وزیرستان اور سابقہ ایف آرز دہشت گردی اور فوجی آپریشنوں میں متاثر ہوئے ہیں، ان کو 100 ارب روپے سالانہ کے پیکج میں اپنا جائز حصہ دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 902276
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش