0
Monday 7 Dec 2020 23:34

عمران خان نے غیر معمولی طور پر اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے تمام افراد کو اٗن فالو کردیا

عمران خان نے غیر معمولی طور پر اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے تمام افراد کو اٗن فالو کردیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر فعال رہتے ہیں اور ان کا شمار سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے پاکستانی سیاستدانوں میں ہوتا ہے۔ تاہم اب وزیراعظم عمران خان نے غیر معمولی طور پر اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے تمام افراد کو اٗن فالو کردیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان ٹوئٹر پر جن اکاؤنٹس کو فالو کرتے تھے، ان میں ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، شوکت خانم ہسپتال کے اکاؤنٹس تھے اور اکثر افراد کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا جنہیں حیران کن طور پر اَن فالو کردیا گیا ہے۔ عمران خان کی جانب سے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے یوں سب کو ان فالو کرنے سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا کہ یہ اقدام کسی وجہ کے تحت اٹھایا گیا ہے یا سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے اکاؤنٹ میں پیدا ہونے والی کسی تکنیکی خرابی کا نتیجہ ہے یا غلطی سے ایسا ہوگیا ہے۔

وزیراعظم کی جانب سے فالو کیے جانے والے افراد میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وفاقی وزیر شیریں مزاری، نعیم الحق، شوکت خانم، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اسد عمر اور دیگر شامل تھے۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ٹوئٹر فالوورز کی تعداد اس وقت ایک کروڑ 29 لاکھ سے زائد ہے۔ یاد رہے کہ رواں برس جولائی میں جاری کی گئی ایک تحقیق میں عمران خان کو ٹوئٹر پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی دنیا کی 9ویں سیاسی شخصیت قرار دیا گیا تھا اور ان کے آفیشل اکاؤنٹ کے فالوورز کی تعداد میں 22 فیصد اضافہ بھی دیکھنے میں آیا تھا۔ حیران کن طور پر سب کو ان فالو کرکے وزیراعظم عمران خان اب ان سیاستدان کی فہرست کا حصہ نہیں رہے جو دیگر اکاؤنٹس کو فالو کرتے ہیں۔

برسن کوہن اور وولف (بی سی ڈبلیو) نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران عالمی رہنماؤں کی ٹوئٹس کی بنیاد پر ایک فہرست جاری کی تھی۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے مذکورہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کے علاوہ بھی عربی اور ترک زبانوں میں بھی ٹوئٹر اکاؤنٹس ہیں۔ ترک زبان میں ان کا اکاؤنٹ ikturkish@ نومبر 2018 میں بنایا گیا تھا، جس کے فالوورز کی تعداد 34 ہزار سے زائد ہے اور وہ 13 افراد کو فالو کررہے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم کے عربی زبان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ ArabicIk@ مئی 2020 میں بنایا گیا تھا جس کے فالوورز کی تعداد 15 ہزار سے زائد ہے اور وہ 3 اکاؤنٹس کو فالو کررہے ہیں۔ وزیراعظم کے ان دونوں اکاؤنٹس سے فی الحال کسی کو اَن فالو نہیں کیا گیا۔
 
خبر کا کوڈ : 902285
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش