0
Monday 7 Dec 2020 23:58

علامہ صفدر حسین نجفی نے عوام میں دینی فکر و شعور اُجاگر کیا، علامہ ساجد نقوی

علامہ صفدر حسین نجفی نے عوام میں دینی فکر و شعور اُجاگر کیا، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے بزرگ عالم دین، معروف دینی و سماجی شخصیت علامہ سید صفدر حسین نجفی کی 31ویں برسی اور حوزہ علمیہ جامعة المنتظر کے مہتمم اعلیٰ اور نائب صدر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ قاضی نیاز حسین نقوی اور مرحوم سیٹھ نوازش علی ساعتی کی رسم چہلم کے موقع پر اپنے خصوصی تعزیتی پیغام میں کہا کہ علامہ سید صفدر حسین نجفی مرحوم معاشی و سماجی مشکلات اور نامساعد حالات کے باوجود محنت، لگن اور جانفشانی سے وطن عزیز اور بیرون ملک دینی مراکز، سماجی و فلاحی خدمات کے موسس و مربی کی حیثیت سے گراں قدر خدمات انجام دینے والی نابغہ روزگار شخصیت تھے، جنہوں نے عوام میں دینی فکر و شعور اجاگر کرنے کیلئے شب و روز کاوشیں کیں، یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے نام اور کام کی بدولت قوم و ملت کے محسن قرار پائے۔

مرحوم کی شخصیت کا یہ منفرد پہلو تھا کہ وہ قومیات کے حوالے سے ہمیشہ متفکر رہے اور ہر دور میں ملی قیادت کی پشت پناہی اور شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے قوم و ملت کی عظیم خدمت کا فریضہ سر انجام دیا۔ جس سے اس امر کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ ملی پلیٹ فارم و قیادت کے ذریعے قومی مسائل و مشکلات کے حل کی افادیت و اہمیت سے کس قدر آگاہ و آشنا تھے۔ علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ وہ ملی قیادت کے دست و بازو کی حیثیت سے فعالیت سرانجام دیتے رہے اور داخلی وحدت و خارجی مشکلات کے حل کیلئے صف اوّل میں دکھائی دیئے۔ اسی طرح تصنیف و تالیف کے میدان میں بھی کارہائے نمایاں سرانجام دیئے اور تفسیر نمونہ کے ترجمہ سمیت دیگر متعدد علمی و قلمی آثار چھوڑے، جن سے ہر دور میں استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ قاضی سید نیاز حسین نقوی فاضل، دور اندیش، مصلح اور جرات مند انسان تھے، انہوں نے کئی مواقع پر انتہائی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہم امور انجام دیئے۔

انہوں نے قاضی نیاز حسین نقوی کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مدارس دینیہ کے فروغ اور ملت تشیع کے دفاع، اتحاد تنظیمات المدارس میں مرکزی کردار اور اتحاد بین المسلمین و دیگر امور کے حوالے سے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور ان کا خلا بمشکل پُر ہوگا۔ علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ مرحوم سیٹھ نوازش علی ساعتی نے رفاہی و مذہبی امور میں بھرپور خدمات سرانجام دیں، اُن کا مرحوم علامہ سید صفدر حسین نجفی کے رفیق ِخاص اور جامعة المنتظر کے ٹرسٹی کی حیثیت سے دینی مدارس کے قیام میں نمایاں تعاون و کردار اور خدمات لائق تحسین ہیں اور مرحوم سیٹھ نوازش علی ساعتی ہمیشہ ملی پلیٹ فارم سے بھی مربوط رہے۔ آخر میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے مرحومین علامہ سید صفدر حسین نجفی، علامہ سید نیاز حسین نقوی اور سیٹھ نوازش علی ساعتی کی بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ مرحومین کی ملی و دینی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 902300
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش