0
Wednesday 9 Dec 2020 23:10

اپوزیشن لیڈر کے احتجاج کے بعد محکمہ صحت جی بی کے برطرف سینکڑوں عارضی ملازمین بحال

اپوزیشن لیڈر کے احتجاج کے بعد محکمہ صحت جی بی کے برطرف سینکڑوں عارضی ملازمین بحال
اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ کے شدید احتجاج کے بعد محکمہ صحت کے برطرف عارضی ملازمین کو بحال کر دیا گیا۔ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے رواں سال کے شروع میں محکمہ صحت گلگت بلتستان نے عارضی بنیادوں پر سینکڑوں ملازمین بھرتی کر لیے تھے جنہیں حال ہی میں فارغ کیا گیا تھا۔ اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے محکمہ صحت کے عارضی ملازمین کے حوالے سے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے رابطہ کیا اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

امجد حسین ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ حالیہ کرونا وائرس وبا کے دوران محکمہ صحت میں ملازمین کی کمی کے پیش نظر بہت سارے ملازمین کو عارضی طور پر بھرتی کیا گیا تھا، ان عارضی ملازمین نے مشکل ترین وقت میں اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر جی بی کے عوام کے لئے اپنی خدمات سر انجام دیں اور کرونا وائرس کی وبا کے کنٹرول میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کیا، اس مہلک وبا کے دوران خدمات سر انجام دینے والے عارضی ملازمین کو فارغ کر کے زیادتی کی گئی ہے لہٰذا ان کو بحال کیا جائے تاکہ نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی ہو بلکہ خدا نخواستہ آئندہ بھی کبھی ایسی صورتحال درپیش آئے تو متعلقہ شعبے کے لوگ اپنی خدمات کی انجام دہی کے لئے آگے آ سکیں۔ دریں اثنا چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے ان ملازمین کو دوبارہ بحال کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔
خبر کا کوڈ : 902737
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش