QR CodeQR Code

ہاتھی کو آزادی مل گئی لیکن قبائلی اضلاع کے عوام کو مسائل سے آزادی نہیں مل رہی، مشتاق خان

10 Dec 2020 00:30

بنوں پریس کلب کے سامنے تحریک حقوق جنوبی اضلاع کونسل کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ جنوبی اضلاع میں تعلیمی اداروں، صحت کے مراکز، کھیلوں کے میدانوں سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت میں ہاتھی کے تو حقوق ہیں لیکن جنوبی اضلاع کے عوام ہر قسم کے حقوق سے محروم ہیں، ہاتھی کو آزادی مل گئی لیکن قبائلی اضلاع کے عوام کو صوبے کے ساتھ انضمام کے باوجود آزادی نہیں مل رہی، جنوبی اضلاع کی ایک کروڑ کی آبادی تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ عمران خان اور پی ٹی آئی نے ایسا پاکستان بنایا ہے، جو نہ ترقی یافتہ ہے اور نہ ترقی پذیر ہے بلکہ یہ پاکستان زوال پذیر ہے۔ جنوبی اضلاع کی پسماندگی اور محرومی کو دور کرنے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں پریس کلب کے سامنے تحریک حقوق جنوبی اضلاع کونسل کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دھرنے سے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان، ضلع بنوں کے امیر پروفیسر محمد اجمل خان، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ناصر خان اور تحریک حقوق جنوبی اضلاع کونسل کے جنرل سیکرٹری حاجی اختر علی شاہ نے بھی خطاب کیا۔

مشتاق خان کا کہنا تھا کہ جنوبی اضلاع میں تعلیمی اداروں، صحت کے مراکز، کھیلوں کے میدانوں سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے۔ پینے کے پانی کا مسئلہ حل کیا جائے اور چشمہ رائٹ لیفٹ کنال کی تعمیر سمیت فصلوں کو پانی کی فراہمی کے منصوبے شروع کئے جائیں۔ تیل و گیس کی رائلٹی دینے کے ساتھ ان اضلاع میں تیل صاف کرنے کے لئے آئل ریفائنریاں لگائی جائیں۔ سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سی پیک میں موٹروے، ریلوے اور اسپیشل اکنامک زون فراہم کیا جائے۔ فور جی اور فائیو جی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ درہ آدم خیل میں اسلحہ سازی کے کارخانے لگائے جائیں، تاکہ لوگوں کو روزگار میسر ہو، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان کے ائیرپورٹس کو آپریشنل کیا جائے۔ پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان تک موٹروے بنائی جائے۔ مطالبات تسلیم ہونے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا، جنوبی اضلاع کی محرومیوں کے ازالے کے لئے ہر دروازہ کھٹکھٹائیں گے، مطالبات نہ مانے گئے تو پشاور اور اسلام آباد کا رخ کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 902742

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/902742/ہاتھی-کو-آزادی-مل-گئی-لیکن-قبائلی-اضلاع-کے-عوام-مسائل-سے-نہیں-رہی-مشتاق-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org