0
Friday 11 Dec 2020 11:07

قوم کی سربلندی اور سرفرازی اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مضمر ہے، انیس الرحمن قاسمی

قوم کی سربلندی اور سرفرازی اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مضمر ہے، انیس الرحمن قاسمی
اسلام ٹائمز۔ آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی نے اترپردیش میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کی سربلندی اور سرفرازی اعلٰی تعلیم کے حصول اور تکمیل میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہی لوگ ملک و ملت کی قیادت کرسکتے ہیں جنہیں وقت کی صحیح نبازی کا علم ہو، جو لوگ علم، عدل، ترحم، بروقت فیصلہ اور قوت نافذہ سے لیس ہیں وہ ہر جگہ کامیاب ہیں۔ مولانا انیس الرحمن قاسمی نے چھتون جامع مسجد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحول کی سازگاری کے بغیر ہم اپنے نونہالوں کی صحیح تعلیم و تربیت نہیں کرسکتے، اس لئے ضروری ہے سماج کا ہر فرد اپنی ذمہ داری کو سمجھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و ملت کی تعمیر میں ہمارا اہم کردار رہا ہے اور رہے گا لیکن موجودہ ملکی حالات اور دنیا کے بدلتے منظر کو دیکھتے ہوئے جس تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے اس کے تئیں جس قدر ہمیں حساس اور فکرمند ہونا چاہیئے اس میں کمی ہے۔

مولانا انیس الرحمن قاسمی نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ہر سطح پر اپنے آپ کو اعلٰی تعلیم، اچھی صحت اور تجارت و سیاست کے ہتھیار سے لیس کریں اور حالات کا رونا نہ روئیں بلکہ ہر حال میں میدان عمل میں ڈٹے رہیں، انشاء اللہ کامیابی ہمارا مقدر ہوگی۔ اس دوران مولانا محمد عالم قاسمی نے کہا کہ ہمیں اللہ نے خیر امت بنایا ہے، اس لئے ہمیں چاہیئے کہ اس کا بھرپور ثبوت دیں اور اپنے ساتھ ان کی بھی فکر کریں جو دبے کچلے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ ہم برادران وطن کی بھی فکر کریں اور انسانی بنیاد پر ان کی ضرورتوں کا بھی خیال رکھیں۔ مولانا محمد نافع عارفی نے کہا کہ اگر ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہمیں کامیابی ملے تو اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں، نیک کاموں میں ایک دوسرے کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ آپس میں اتحاد و اتفاق سے رہیں اور تفرقہ و انتشار کو خود سے دور رکھیں۔
خبر کا کوڈ : 902995
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش