0
Friday 11 Dec 2020 20:14

یو اے ای اب اسرائیلی ریاست میں تبدیل ہوچکا ہے، علامہ جواد نقوی

سعودی عرب اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے دباو ڈال رہا ہے، جمعہ کے اجتماع سے خطاب
یو اے ای اب اسرائیلی ریاست میں تبدیل ہوچکا ہے، علامہ جواد نقوی
اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری امت مصطفیٰ اور جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے لاہور میں مسجد بیت العتیق میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کو چین سے دور کرنے کیلئے عربوں کو استعمال کر رہا ہے، پاک چین تعلقات پاکستان کی لائف لائن ہیں مگر امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان کو چین سے دور کر دیا جائے، اس حوالے سے وہ عربوں کا کندھا استعمال کر رہا ہے۔ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے مقابلے میں پاکستان، ترکی اور ملایشیاء نے متفقہ فیصلہ کیا کہ مل کر ایک بلاک بنایا گیا تو عربوں کے ذریعے اس مںصوبے کو لپیٹ دیا گیا۔ یہ معاہدہ کرکے جب عمران خان پاکستان لوٹے تو شاندار استقبال ہوا، مگر ملایشیاء میں ہونیوالی کانفرنس میں پاکستان نے سعودی دباو میں شرکت نہیں کی، پھر پاکستان نے وہاں جا کر وضاحت بھی کی کہ سعودی عرب کے دباو پر نہیں شریک ہوئے، اس حرکت سے سعودیہ بھی ناراض ہوگیا اور ملایشیاء بھی ناراض ہوگیا۔ اس پر سعودی عرب نے اپنا قرضہ واپس مانگ لیا۔

علامہ جواد نقوی نے کہا کہ سعودی عرب نے یہ بھی دھمکی دی کہ پاکستان نے ہمارے مخالف بلاک میں شرکت کی تو تمام پاکستانیوں کو نکال دیں گے۔ اب سعودی عرب نے 15 سو پاکستانیوں کو نکال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے دباو ڈال رہا ہے۔ اپوزیشن کا اعتماد بڑھ رہا ہے، ان کا لب و لہجہ سخت ہو رہا ہے، وزیراعظم نے بھی کہا ہے کہ اپوزیشن کے پیچھے کون ہیں، وہ جانتے ہیں، وزیراعظم نے نام نہیں لئے لیکن یہ واضح ہے کہ اس کے پیچھے عرب ہیں۔ یو اے ای نے پاکستانیوں کے ویزے بند کر دیئے ہیں۔ پاکستان میں جو عربوں کے فدائی ہیں، وہ وضاحتییں دیتے رہتے ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ یو اے ای میں پاکستانیوں کا داخلہ بند ہوگیا ہے، یو اے ای اب اسرائیلی ریاست میں تبدیل ہوچکا ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستانیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای میں یہودیوں کیلئے اپنے تمام قوانین بھی بدل دیئے ہیں، اب دبئی میں شادی کے بغیر بھی عورت و مرد رہ سکتے ہیں، شراب پر کوئی پابندی نہیں اور اسی طرح کی نرمیاں بھی یہودیوں کو دی ہیں۔ سعودی عرب بھی پاکستانیوں کو نکال رہا ہے۔

علامہ جواد نقوی نے کہا کہ عرب پاکستان پر دباو بڑھا رہے ہیں اور مزید بھی بڑھا سکتے ہیں، جب آپ کا انحصار کسی پر ہو جائے تو وہ آپ پر جب چاہے دباو بڑھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا بیان تھا کہ اپوزیشن میں اعتماد بعض ملکوں کی وجہ سے بڑھ رہا ہے۔ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ کے پی کی اسمبلی نے ایک بل پاس کیا ہے، جیسے پنجاب اسمبلی نے بنیاد اسلام بل کے نام سے قوانین کا ایک بل پاس کیا تھا، جسے بروقت ردعمل دے کر روک دیا گیا، اب جواباً کے پی اسمبلی میں بل پاس ہوا ہے کہ اب کے پی میں تعلیم کلو کے حساب سے دی جائے گی۔ بچوں کے بستے کا وزن مقرر کر دیا گیا ہے، پہلی کلاس کا بیگ 2 اعشاریہ 4 کلو کا ہوگا، دوسری کلاس کیلئے 2 اعشاریہ 6 کلوگرام، تیسری کلاس کیلئے 3 کلو کا بیگ ہوگا۔ ہائیر سکینڈری کیلئے بیگ 7 کلو کا ہوگا۔ کیا یہ ہے پاکستان کی ترقی کا راز؟ یہ لطیفہ نہیں ہے، بلکہ اسمبلی میں یہ بل پاس ہوا ہے۔ جس نے یہ بل پیش کیا ہے، وہ ایم پی اے بی اے کے امتحان میں نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں، اتنا نالائق ایم پی اے نقل کرتے ہوئے بھی پکڑا گیا ہے، یہ کہاں صادق اور امین ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تعلیم کلو کے حساب سے دی جا رہی ہے تو ڈگریاں بھی گزوں کے حساب سے دیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے جامعۃ المصطفیٰ پر پابندی لگا دی ہے۔ امریکہ کو اس پابندی پر لینے کے دینے پڑ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جامعۃ المصطفیٰ عالمیہ ایک اسلامی یونیورسٹی ہے، جس میں غیر ملکی طلاب تحصیل علم کرتے ہیں، اس پر امریکہ نے پابندی لگائی ہے۔ یونیورسٹی کا جرم صرف یہ ہے کہ یہ رہبر معظم سید علی خامنہ ای کے ماتحت ہے، خالص دینی ادارے پر پابندی لگانا ایک بہت ہی گھٹیا اور قابل مذمت فعل ہے۔
خبر کا کوڈ : 903085
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش