0
Friday 11 Dec 2020 21:34

المصطفیٰ یونیورسٹی پر امریکی پابندی ناجائز اور انسانیت دشمنی کی بدترین مثال ہے، علامہ ساجد نقوی

المصطفیٰ یونیورسٹی پر امریکی پابندی ناجائز اور انسانیت دشمنی کی بدترین مثال ہے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ تعلیمی ادارے کسی بھی معاشرے کی اصلاح، ذہن سازی اور ترقی میں اہم ترین کردار ادا کرتے ہیں، المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کا شمار دنیا کی بہترین اور بین الاقوامی درس گاہوں کے ساتھ تحقیقی اداروں میں ہوتا ہے، بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تعلیمی ادارے پر پابندیاں نہ صرف ناجائز، غیر اخلاقی بلکہ بدترین تعلیم و انسانیت دشمنی اور استعماریت کی بدترین مثال، ناقابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکہ کی جانب سے المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی پر لگائی جانیوالی پابندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کیا۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی اصلاح، ذہن سازی اور ترقی میں تعلیمی ادارے انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں جبکہ بین الاقوامی سطح پر تعلیمی میدان میں خدمات انجام دینے والے ادارے دراصل انسانیت کی فلاح کے لئے اہم ترین کردار ادا کرتے ہیں، جس سے نہ صرف معاشرے، افراد، مختلف مذاہب و ادیان قریب آتے ہیں بلکہ ان کے علمی اور تحقیقی تجربات سے مستفید بھی ہوتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کا شمار بھی دنیا کی ان بہترین اور بین الاقوامی درس گاہوں میں ہوتا ہے جنہیں نہ صرف بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے بلکہ باکردار عالم اور محقق اس تربیت سازی کے عکاس ہیں، جنہوں نے عالمی سطح پر جہاں تحقیقات میں روئے زمین پر رہنے والے انسانوں کی خدمت کی ہے، وہیں یہاں سے فارغ التحصیل علماء، اتحاد امت اور دین اسلام کی تبلیغ کے لئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے بین الاقوامی اداروں کے حوالہ جات دیتے ہوئے کہا کہ المصطفیٰ یونیورسٹی جن بین الاقوامی تنظیمات کے ساتھ مربوط اور کام کر رہی ہے، ان میں او آئی سی کی رہنمائی میں چلنے والے ادارے فیڈریشن آف دی یونیورسٹیز آف دی اسلامک ورلڈ (ایف یو آئی ڈبلیو)، یونیسکو کی شراکت سے چلنے والے ادارے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف یونیورسٹیز (آئی اے یو)، انگلستان کے شہر آکسفورڈ میں قائم اعلیٰ تعلیمی ادارے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف یونیورسٹی پریذیڈنٹس (آئی اے یو پی)، یونیسکو کے ساتھ مربوط ایشیاء اور بحرالکاہل ریجن کے تعلیمی ادارے ایسوسی ایشن آف یونیورسٹیز آف ایشیا اینڈ دی پیسفک (اے یو اے پی)، ناروے کے شہر اوسلو میں قائم بین الاقوامی ادارے انٹرنیشنل کونسل فار اوپن اینڈ ڈسٹینس ایجوکیشن (آئی سی ڈی اے) اور یونین آف اسلامک ورلڈ سٹوڈٹنس شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان تعلیمی اداروں کے ساتھ دنیا کے کروڑوں طلباء و طالبات کے ساتھ ہزاروں کی تعداد میں اساتذہ، پروفیسرز، پی ایچ ڈی سکالرز اور علماء مربوط ہیں۔ اس پائے کی یونیورسٹی پر امریکہ کی جانب سے پابندی کھلی زیادتی، ناجائز، غیر اخلاقی ہونے کے ساتھ ساتھ بدترین علم و انسانیت دشمنی اور استعماریت کو دوام بخشنے کے لئے تعلیمی ادارے پر مجرمانہ حملے کے مترادف ہے۔
خبر کا کوڈ : 903106
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش