0
Friday 11 Dec 2020 23:19

امریکہ شام پر ہونیوالے اسرائیلی حملوں کی حمایت کرتا ہے، جیمز جیفرے

امریکہ شام پر ہونیوالے اسرائیلی حملوں کی حمایت کرتا ہے، جیمز جیفرے
اسلام ٹائمز۔ شامی تنازعے کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندے اور داعش کے خلاف نام نہاد اتحاد کے لئے امریکی خصوصی ایلچی جیمز جیفرے (James Franklin Jeffrey) نے عرب ای مجلے المانیتور کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں ایران و شام کے خلاف صیہونی-امریکی-تُرک سازشوں سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ جیمز جیفرے نے اپنے انٹرویو میں شام کے حوالے سے تشکیل پانے والی ٹرمپ حکومت کی سیاست اور اس حوالے سے اپنے اور مائیک پمپیو کے کردار کے بارے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خارجہ پمپیو اور میں نے حکومت میں موجود افراد کو ایک بات پر قائل کیا اور وہ یہ کہ اگر ہم شام کے اندر ایران کی جانب سے بنائے گئے ڈھانچے کی مشکلات سے نہ نمٹے تو پھر داعش کی مشکل سے بھی نمٹ نہ سکیں گے۔ جیمز جیفرے نے کہا کہ ہم ان تمام مسائل کو ایک ہی نگاہ سے دیکھتے تھے۔

داعش کے خلاف نام نہاد بین الاقوامی اتحاد کے لئے امریکہ کے خصوصی ایلچی نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ اس کے بعد (شام کے خلاف) اسرائیلی ہوائی آپریشنز کا مسئلہ پیش آ گیا اور جب میں (امریکی) حکومت کا حصہ بنا تو اس وقت امریکہ ان حملوں کی حمایت کر رہا تھا۔ جیمز جیفرے نے کہا کہ میں وہاں (اسرائیل) گیا اور وزیراعظم (بنجمن) نیتن یاہو اور دوسروں سے ملا جبکہ وہ سوچ رہے تھے کہ امریکی فوج اور انٹیلیجنس کی جانب سے ان کی بطور کافی حمایت نہیں کی جاتی۔ جیمز جیفرے نے کہا کہ اس حوالے سے امریکی حکومت کے اندر ایک بڑا تنازعہ رونما ہو گیا تھا جس میں بالآخر ہم جیتے!

امریکی اعلی عہدیدار نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ ہم نے اس طریقے سے شام کے حوالے سے اپنی خارجہ پالیسی کو مرتب کیا جو ایران کے خلاف ہماری سیاست کے اندر ہی سمٹ گئی۔ جیمز جیفرے نے کہا کہ اس سیاست کا نتیجہ نسبتا ایک بڑی کامیابی تھا کیونکہ ہم ترکوں کی بہت زیادہ مدد کے ذریعے حالات کو استحکام بخشنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ شامی تنازعے کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندے نے اپنے انٹرویو کے دوسرے حصے میں شام پر عائد امریکی پابندیوں کے بارے پرافتخار لہجے میں بات کرتے ہوئے ان پابندیوں کی کھل کر حمایت کی۔ واضح رہے کہ 11 دسمبر 2019ء کے روز امریکہ کی جانب سے شام کے خلاف پابندیوں پر مبنی "قیصر ایکٹ" منظور کر لیا گیا تھا جو جاری سال ماہ جون کی 17 تاریخ سے شام پر عائد کر دی گئی ہیں جبکہ شامی حکومت سمیت 39 شامی اداروں و شخصیات پر عائد کی جانے والی ان پابندیوں کا مقصد ذکر شدہ اداروں یا افراد کے دوسرے ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو ختم کرنا تھا۔
خبر کا کوڈ : 903124
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش