0
Friday 11 Dec 2020 23:30

تبدیلی سرکار آتے ہی غیر قانونی بھرتیوں کا دھندا عروج پر ہے، سعدیہ دانش

تبدیلی سرکار آتے ہی غیر قانونی بھرتیوں کا دھندا عروج پر ہے، سعدیہ دانش
اسلام ٹائمز۔ پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کی رکن اسمبلی و صوبائی سیکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ تبدیلی حکومت آتے ہی غیر قانونی بھرتیوں کا دھندا عروج پر پہنچ چکا ہے۔ منظور نظر افراد کو نوازنے کے لئے تمام قوانین کو بالائے طاق رکھنے کی پالیسی پر کار فرما ہے، سرکاری آسامیوں پر تحریک انصاف کے کارکنوں کو کھپانے کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔ اپنے ایک بیان میں سعدیہ دانش کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں سرکاری آسامیوں اور پوسٹوں کے لئے مروجہ قوانین پر عملدرآمد کرانا ناگزیر ہے۔ تبدیلی سرکار ملازمین کو دیوار سے لگانا چاہتی ہے۔ پیپلزپارٹی سرکاری ملازموں کے حق کے لئے بطور وکیل ہر فورم پر لڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں خالی آسامیوں پر عارضی ملازمین کو نظر انداز کرنا لمحہ فکریہ ہے، کئی سالوں سے جی بی کے مختلف محکموں میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمین کا مستقبل محفوظ کرنے کی ضرورت ہے۔ پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں ہزاروں غریب ملازمین کو مستقل کرکے اپنی غریب دوستی کا ثبوت دیدیا ہے۔ جی بی میں کام کرنے والے عارضی ملازمین کو حکومت نے فٹبال بنا کر رکھا ہے، اب وعدے وعیدوں پر ٹالنے کا وقت گزر چکا ہے، صوبائی حکومت جلد از جلد ملازمین کو مستقل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے۔ عارضی ملازمین کا حق ان کو ملنا چاہئے، اسمبلی سے مستقلی ایکٹ بھی منظور ہو چکا ہے اب ان کو مستقل نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی عارضی ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے اور جہاں کہیں ان کے ساتھ ناانصافی ہوگی پیپلزپارٹی اس کے خلاف دیوار بن کر کھڑی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 903125
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش