0
Saturday 12 Dec 2020 00:51

10 لیگی رہنماؤں کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کا انکشاف

10 لیگی رہنماؤں کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ گذشتہ دو ہفتے میں 10 لیگی ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سیاسی میدان میں ایک بار پھر ان ایکشن دکھائی دے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب آفس کے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے 25 ممبران صوبائی و قومی اسمبلی کا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے رابطہ ہے، گذشتہ دو ہفتوں کے دوران 10 لیگی ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ سے ملاقات بھی کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقاتوں میں (ن) لیگی ممبران اسمبلی نے اپنے حلقے کے مسائل پیش کئے، جبکہ ان رہنماؤں نے اپنی پارٹی قیادت کے بیانیہ کی مخالفت کی۔

دوسری جانب وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دو درجن سے زائد افراد کا گروپ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے پہلے بھی ملاقات کرچکا ہے اور اب بھی 2 درجن سے زائد افراد وزیراعلیٰ سے براہ راست رابطے میں ہیں، مزید بھی لیگی ممبران اسمبلی جو اپنی پارٹی قیادت کے بیانیہ اور تصادم کے حق میں نہیں، وہ جلد ملاقات کریں گے۔ راجہ بشارت نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے بہت سے افراد تصادم کی پالیسی سے متفق نہیں اور ان کے اندر دو دھڑے موجود ہیں، ایک دھڑا تصادم کے خلاف اور ایک اس کے حق میں ہے۔ مسلم لیگ (ن) سے منحرف ہونے والے ممبر پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے بھی بیان دیا ہے کہ میری معلومات کے مطابق 30 لیگی پارلیمنٹرین وزیراعلیٰ پنجاب سے رابطے میں ہیں اور ان کی عثمان بزدار سے ملاقاتیں بھی ہوچکی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 903137
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش