QR CodeQR Code

(ن) لیگی اراکین اسمبلی وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سے رابطے میں ہیں، فردوس عاشق اعوان

12 Dec 2020 23:42

اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی ڈوبتی کشتی سے لوگوں نے چھلانگیں لگانا شروع کر دی ہیں، بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کا استعفیٰ پی ڈی ایم کی صفوں میں پھیلنے والی مایوسی کا آئینہ دار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ (ن) لیگی اراکین اسمبلی وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سے رابطے میں ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی ڈوبتی کشتی سے لوگوں نے چھلانگیں لگانا شروع کر دی ہیں، بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کا استعفیٰ پی ڈی ایم کی صفوں میں پھیلنے والی مایوسی کا آئینہ دار ہے۔ مریم نواز پی ڈی ایم کی ماچس ہاتھ میں پکڑ کر پورے پاکستان کو آگ لگانے نکلی ہیں، ان کی ڈوبتی کشتی میں کوئی سوار نہیں ہوگا، ان کے اپنے ممبران ہچکولے کھاتی کشتی سے چھلانگیں لگا کر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سے رابطے میں ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عمران خان عوامی لیڈر ہے، بھان متی کا کنبہ عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، پاکستان میں سب سے بڑے سیاسی جلسے کرنے کا اعزاز عمران خان کو حاصل ہے، یہ گیارہ جماعتیں مل کر بھی تحریک انصاف کے جلسوں کا ریکارڈ نہیں توڑ سکتیں، تحریک انصاف کی حکومت اپنی ایمانداری اور محنت سے عوام کے دلوں پر راج کرتی رہے گی، پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حکومت آپ کے ناپاک عزائم کو قانون کی عملداری سے خاک میں ملا دے گی۔


خبر کا کوڈ: 903352

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/903352/ن-لیگی-اراکین-اسمبلی-وزیراعظم-اور-وزیراعلی-سے-رابطے-میں-ہیں-فردوس-عاشق-اعوان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org