0
Sunday 13 Dec 2020 09:36

عثمان بزدار کی پی ڈی ایم کو بات چیت کی پیشکش

عثمان بزدار کی پی ڈی ایم کو بات چیت کی پیشکش
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) پر دہشت گردی کے خدشات اور کورونا کی صورتحال کی روشنی میں 13 دسمبر کا جلسہ موخر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے اپوزیشن اتحاد پر زور دیا کہ وہ عوام کی جانوں کو داؤ پر لگا گر اور ان سے کھیلنے کے بجائے بات چیت کے ذریعے اپنے مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں اس وقت کورونا وائرس کی صورتحال بہت خراب ہے، ایسی صورتحال میں عوام کی جانوں سے کھیلنا کسی طور پر مناسب نہیں جبکہ ریلی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں کورونا کی صورتحال ہے کہیں دنیا میں اس طرح جلسے جلوس ہو رہے ہیں جس طرح یہاں ہورہے ہیں، اس کی ضرورت کیا ہے کونسی ایمرجنسی آگئی ہے، میرے خیال میں ہمیں اس سے گریز کرنا چاہیے اور قانون کسی صورت ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت، پی ڈی ایم سے آئین و قانون کے مطابق نمٹے گی۔
اتحادیوں کے ساتھ اختلافات کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب آن بورڈ ہیں اور کوئی اختلاف نہیں ہے۔ دوسری جانب وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (‏این سی او سی) کی ہدایت کی روشنی میں پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نیکٹا اور دیگر اداروں کی جانب سے جاری الرٹ سے پی ڈی ایم قیادت کو آگاہ کردیا گیا ہے، کورونا اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پی ڈی ایم کو جلسہ کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے، اپوزیشن کی ہٹ دھرمی عوام کی جانوں کے لیے خطرناک ثابت ہوگی جبکہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنان کی گرفتاریوں کا پروپیگنڈا بےبنیاد ہے، اپوزیشن تصادم چاہتی ہے لیکن حکومت انہیں یہ موقع فراہم نہیں کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 903390
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش