0
Monday 14 Dec 2020 00:20

نائیجیریا میں اسکول پر حملہ، 400 سے زائد بچے لاپتہ

نائیجیریا میں اسکول پر حملہ، 400 سے زائد بچے لاپتہ
اسلام ٹائمز۔ افریقی ملک نائیجریا میں اسکول پر حملے کے بعد 400 سے زائد طالبعلم لاپتہ ہوگئے ہیں جن کے اغوا ہونے کا خدشہ ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نائجیریا کے شمال مغربی صوبے کتسینا میں واقع اسکول پر ایک بڑے گروہ نے دھاوا بول دیا۔ حملہ آوروں کے پاس خود کار اسلحہ تھا۔ مقامی پولیس سربراہ کے مطابق حملہ آوروں اور پولیس کے مابین فائرنگ میں بعض طلبہ کو اسکول سے فرار ہونے کا موقعہ مل گیا۔ اسکول میں طلبا کی مجموعی تعداد 600 بتائی جاتی ہے جن میں سے صرف 200 کے بارے میں معلومات حاصل ہوسکی ہے۔ حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس، فوج اور نائجیرین فضائیہ اسکول حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور لاپتہ یا اغوا ہونے والے طالب علموں کے بارے میں معلومات جمع کی جارہی ہے۔

خبر رساں اداروں سے بات کرتے ہوئے بعض مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے حملہ آوروں کو اپنے ساتھ کچھ بچوں کے لے جاتے ہوئے دیکھا ہے۔ نائیجیریا میں اس سے قبل اپریل 2014 میں ایسا ہی ایک ہولناک واقعہ پیش آیا تھا جب شدت پسند گروپ بوکو حرام نے چیبوک میں بچیوں کے ایک اسکول پر حملہ کرکے 246 طالبات کو اغوا کرلیا تھا۔ ان میں سے 100 بچیاں آج تک لاپتہ ہیں۔ اس حالیہ حملے کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ یہ شمال مغربی نائیجریا میں متحریک جرائم پیشہ ڈکیٹ گروپوں میں سے کسی کا کام ہے۔ یہ گروہ بڑے پیمانے پر اغوا برائے تاوان میں ملوث ہیں۔
خبر کا کوڈ : 903534
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش