0
Monday 14 Dec 2020 10:08

پاکستان پر الزامات سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کی حقیقت ختم نہیں ہو سکتی، دفتر خارجہ

پاکستان پر الزامات سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کی حقیقت ختم نہیں ہو سکتی، دفتر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی وزارت خارجہ اور دیگر بھارتی رہنماوں کی جانب سے دہشت گردی سے متعلق الزامات کو واضح طور پر مسترد کردیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات اسے سچ میں تبدیل کر سکتے ہیں اور نہ ہی اس سے عالمی سطح پر پاکستان مخالف پروپیگنڈے کی ماسٹر مائنڈنگ اور پاکستان کے خلاف ریاستی دہشت گردی کی حقیقت ختم ہو سکتی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کا عالمی برادری کو پیش کردہ ڈوزیئرز اور ڈس انفو لیب کی رپورٹ خود اپنے آپ کو بیان کررہی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ آر آر ایس سے متاثرہ بی جے پی حکومت جھوٹی داستانیں بیان کر کے نہ تو اپنی داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹا سکتی ہے اور نہ ہی عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے ساتھ ساتھ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ظلم و ستم چھپا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے بھارت کو ریاستی پالیسی کے طور پر دہشت گردی کا استعمال اورپاکستان کے تشخص کو خراب کرنے کی عالمی مہم کو روکنا ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے متعلقہ قراردادوں کے تحت کشمیری عوام کو حق خودارادیت کے استعمال کا حق دے۔ یاد رہے کہ 14 نومبر کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان میں بھارت کی جانب سے دہشتگردی اور دہشتگردوں کو مالی معاونت کے ثبوت پیش کیے اور اس حوالے سے ایک ڈوزیئر بھی جاری کیا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹوں کی آڈیو اور ویڈیو بھی پریس کانفرنس میں دکھائی گئی اس کے ساتھ ساتھ مختلف ’ناقابل تردید‘ ثبوت پیش کیے گئے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ پاکستان کی جانب سے پیش کیے گئے ثبوت بھارت کی جانب سے مالیاتی اور مواد کی سطح پر متعدد دہشت گرد تنظیموں کی مدد کی عکاسی کرتے ہیں جس میں اقوام متحدہ کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی جماعت الاحرار، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی شامل ہیں۔ بعدازاں 25 نومبر کو پاکستان کی جانب سے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوتوں پر مشتمل ڈوزیئر اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو پیش کردیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 903573
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش