0
Monday 14 Dec 2020 18:15

لاہور جلسے میں کم شرکت، مریم نواز لیگی ارکان اسمبلی پر برس پڑیں

لاہور جلسے میں کم شرکت، مریم نواز لیگی ارکان اسمبلی پر برس پڑیں
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں پی ڈی ایم کے جلسے میں کم شرکت پر مریم نواز سیخ پاء ہوگئیں۔ لیگی رہنماء نے ارکان کو سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں ڈانٹ پلا دی۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش تھی کہ 5 لاکھ افراد جلسے میں آئیں، جو نہیں آسکے۔ اجلاس میں خواجہ سعد رفیق نے پارٹی کی خامیوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے بہت سے رہنماوں کو ہدف تنقید بھی بنایا۔ ذرائع کے مطابق خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے ذمہ داری نہیں نبھائی، پارٹی میں سزا اور جزا کا عمل ہونا چاہیئے، جن لوگوں نے جلسے کی ذمہ داریاں نہیں نبھائیں، ان کو پوچھا جائے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ذمہ داری نہیں نبھائی، ان سے سوال کیا جائے گا اور اب پارٹی میں جزا اور سزا کا عمل ہوگا۔ مریم نواز نے کہا کہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنیوالوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پارٹی کو مزید مضبوط کرنا ہے، استعفے کب استعمال کرنے ہیں، آپ سے مشاورت کی جائے گی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پارٹی میں جونیئر ہونے کے باوجود دی گئی عزت کو بھول نہیں سکتی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں شاہد خاقان عباسی نے مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب جلسے کیلئے آپ نے متحرک کردار ادا کیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ صرف عمران خان سے نہیں، اسٹیبلشمنٹ سے بھی ہے، پارٹی کو مضبوط کرنا ہے، پی ڈی ایم کے فیصلے کے بعد استعفے کب استعمال کرنے ہیں، اس پر آپ کو کسی مشکل میں نہیں ڈالیں گے، باہمی مشاورت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کا کہنا تھا کہ مریم صاحبہ آپ کی شکل میں فاطمہ جناح اور بینظیر بھٹو نظر آتی ہیں، جبکہ خواجہ آصف نے کہا کہ مریم صاحبہ جلسہ کامیاب ہونے کا کریڈٹ دوسروں کیساتھ آپ کو جاتا ہے، لاہور کے لوگوں کو جلسے کیلئے آپ نے جس طرح موبلائز کیا تھا، وہ قابل تعریف ہے۔ ذرائع کے مطابق راجہ ظفرالحق، مشاہد حسین سید، مشاہد اللہ خان، جاوید عباسی، کچھ ایم این ایز اور سینیٹرز مسلم لیگ (ن) کے اجلاس میں شریک نہ ہوسکے۔
خبر کا کوڈ : 903670
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش