QR CodeQR Code

افراتفری، انتشار اور سیاسی عدم استحکام ملکی سلامتی کے لیے خطرناک ہے، صہیب عمار صدیقی 

15 Dec 2020 01:11

ملتان سے جاری بیان میں جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہ کن پالیسیوں کے ذریعے ماضی کے حکمرانوں کے ساتھ قوم سے بھی انتقام لے رہی ہے جو کہ عوام کے لئے کسی آزمائش سے کم نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی صوبہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل صہیب عمار صدیقی نے کہا ہے کہ کابینہ کے وزراء کے قلم دان تبدیل کرنے سے ان کی کارکردگی میں کوئی بہتری نہیں آئے گی۔ وزیراعظم عمران خان متعدد بار کابینہ میں ردو بدل کرچکے ہیں مگر اس کے باوجود حکومتی کارکردگی قوم کے سامنے ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہ کن پالیسیوں کے ذریعے ماضی کے حکمرانوں کے ساتھ قوم سے بھی انتقام لے رہی ہے جو کہ عوام کے لئے کسی آزمائش سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی قرضے ایک سال میں 35ہزار 307ارب روپے سے تجاوز کرچکے ہیں۔ 2019-20ء میں 10ارب 94کروڑ ڈالر قرض کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے جبکہ اکتوبر کے اختتام پر مجموعی حجم 35ارب ارب ڈالر رہا۔ یومیہ اوسطا 9ارب ڈالر سے زائد کا قرضہ حاصل کیا گیا۔ اگر یہ سلسلہ ایسے ہی جاری رہا تو ملک و قوم دونوں دیوالیہ ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ افراتفری، انتشار اور سیاسی عدم استحکام ملکی سلامتی کے لیے خطرناک ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ 1971ء والی غلطیوں کو دہرانا ٹھیک نہیں۔ ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ مگر یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے موجودہ حکمرانوں کے پاس سیاسی انتقام کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں۔ عوام حکومتی ناقص پالیسیوں کی بدولت بدحال ہوچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تبدیلی کا خواب چکنا چور ہوچکا ہے۔ قوم سوال کرتی ہے کہ کہاں ہیں ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر؟ ملک و قوم کو تاریخ کے بدترین حالات کا سامنا کررہے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت کے ستائے لوگ اٹھ کھڑے ہوں۔ 
 


خبر کا کوڈ: 903763

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/903763/افراتفری-انتشار-اور-سیاسی-عدم-استحکام-ملکی-سلامتی-کے-لیے-خطرناک-ہے-صہیب-عمار-صدیقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org