0
Monday 8 Aug 2011 22:31

امریکی معیشت کا زوال سامراجیت تلے سسکتے ممالک کے لیے خوشحالی کی نوید ہے، صاحبزادہ فضل کریم

امریکی معیشت کا زوال سامراجیت تلے سسکتے ممالک کے لیے خوشحالی کی نوید ہے، صاحبزادہ فضل کریم
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے کہا ہے کہ ملک کو لسانی اور نسلی بنیادوں پر تقسیم کرنا تباہ کن ہو گا۔ عالمی سازش کے تحت پاکستانی قوم کو لڑایا اور تقسیم کیا جا رہا ہے۔ نظریۂ پاکستان کے دشمن تعصبات کو ہوا دے رہے ہیں۔ امریکی معیشت کا زوال سامراجیت تلے سسکتے ممالک کی خوشحالی کی نوید ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل ٹریڈرز ونگ کے کنونیئر شیخ اظہر سہیل کی رہائش گاہ پر دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ سندھ میں سیاست کو بازیچۂ اطفال بنا دیا گیا ہے اور حکومت نے سیاسی بلیک میلنگ کا شکار ہونے کی انتہا کر دی ہے۔ اگر پرانا بلدیاتی نظام ہی بحال کرنا تھا تو کراچی میں بے گناہ لوگ کیوں مروائے گئے۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے مزید کہا کہ کراچی میں بہنے والے خون کے ہر قطرے کی ذمہ دار کراچی کی ٹھیکیدار جماعتیں ہیں۔ اقتدار کے لیے متحد ہونے والی جماعتوں کو امن کے لیے بھی متحد ہونا چاہیے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ یوم آزادی کے موقع پر اپنے خطاب میں ملک میں نظام مصطفٰی کے نفاذ کا اعلان کریں، تاکہ قیام پاکستان کے مقاصد پورے ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان، ایران اور ترکی کا اتحاد خطے میں امریکی غلامی سے نجات کا سبب بن سکتا ہے۔ اس لیے حکومت اس اتحاد کے لیے کوششیں کرے۔ دعوت افطار سے پیر محمد اطہر القادری، علامہ قاری مختار احمد صدیقی، پیر ضیاء المصطفیٰ حقانی، صاحبزادہ نعیم عارف نوری، صاحبزادہ سید صابر گردیزی، مفتی محمد حسیب قادری، محمد نواز کھرل، علامہ نعیم جاوید نوری، مفتی ظفر جبار چشتی، صاحبزادہ عثمان علی، معین الحق علوی، سلمان چوہدری نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 90387
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش