QR CodeQR Code

حکومت و اپوزیشن کی رسہ کشی سے عوام پریشان اور پارلیمنٹ ربڑ اسٹمپ بن گئی، جماعت اسلامی

15 Dec 2020 19:58

نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کی دعویدار حکومت نے ایک بار پھر بجلی مزید مہنگی کرکے عوام پر بجلی گرائی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت و اپوزیشن کی رسہ کشی سے عوام پریشان اور پارلیمنٹ عملی طور پر ربڑ اسٹمپ بن کر رہ گئی ہے، عوام مہنگائی کا خاتمہ اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں، پی ٹی آئی قیادت نے قوم سے کئے گئے وعدوں ایک کروڑ نوکریاں و خوشحالی دینے کی بجائے اسٹیل ملز سمیت کئی اداروں سے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار، مہنگائی کا طوفان اور بدحالی دی ہے، اسلام کا عادلانہ نظام اور دیانتدارر قیادت ہی ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں قیم صوبہ کاشف سعید شیخ نے سالانہ کارکردگی رپورٹ، مہمات اور امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا 18، 19 دسمبر کے دورے کا جائزہ پیش کیا۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کی دعویدار حکومت نے ایک بار پھر بجلی مزید مہنگی کرکے عوام پر بجلی گرائی ہے، بجلی فی یونٹ ایک روپے 11 پیسے اضافہ سے عوام پر 12 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ضمنی انتخابات ضروری کرائے جائیں، مگر بروقت بلدیاتی انتخابات کرانا بھی پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، جو نہ صرف آئینی ضرورت بلکہ گلی محلے کے مسائل حل کرنا عوام کا بنیادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے جزائر سے لیکر گورکھ ہلز کی ترقی کیلئے سندھ حکومت کا غیر سنجیدہ رویہ افسوس ناک ہے، حکومت جزائر و گورکھ ہلز کی ترقی کیلئے تسلی بخش اقدامات اور سندھ میں جلد بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنائے۔


خبر کا کوڈ: 903937

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/903937/حکومت-اپوزیشن-کی-رسہ-کشی-سے-عوام-پریشان-اور-پارلیمنٹ-ربڑ-اسٹمپ-بن-گئی-جماعت-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org