QR CodeQR Code

شفافیت کے لیے شو آف ہینڈز کے ذریعے سینیٹرز کا انتخاب کروانا چاہتے ہیں، شبلی فراز

16 Dec 2020 00:15

نجی ٹی وی کے مطابق شبلی فراز نے کہا کہ اس سے پہلے کسی حکومت نے اس طرف توجہ نہیں دیا حالانکہ حکومت کے پاس وسائل ہوتے ہیں اور سینیٹ کو متاثر کر سکتی ہے لیکن کوئی حکومت اس طرح نہیں کرتی جس طرح ہم کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات و شفاف بنانے کے لیے شو آف ہینڈز کے ذریعے سینیٹرز کا انتخاب کروانا چاہتے ہیں، اس کے لیے سپریم کورٹ سے رہنمائی لی جائے گی۔ اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےوفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات مارچ یا اس سے قبل ہوں گے، سینیٹ کے انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے الزامات لگتے ہیں اور بات طے ہوجاتی ہے کہ خرید و فروخت ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کی شفافیت کے لیے سپریم کورٹ نے مختصر حکم جاری کیا تھا، جس کی بنیاد پر ہم نے اسمبلی میں ایک بل پیش کیا تھا اور آج اس پر بحث ہوئی کہ کس طرح اس بل کو منظور کروا سکتےہیں، آئینی ترمیم، ایگزیکٹیو آرڈر یا الیکشن کمیشن کے ذریعے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے طے کیا کہ آئین کے آرٹیکل 186 کے تحت سپریم کورٹ سے رہنمائی لیں گے جس کے لیے ہمارا مدعا ہے کہ شو آف ہینڈز کے ذریعے انتخابات ہوں۔

نجی ٹی وی کے مطابق شبلی فراز نے کہا کہ اس سے پہلے کسی حکومت نے اس طرف توجہ نہیں دیا حالانکہ حکومت کے پاس وسائل ہوتے ہیں اور سینیٹ کو متاثر کر سکتی ہے لیکن کوئی حکومت اس طرح نہیں کرتی جس طرح ہم کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سینیٹ کے انتخابات شفاف اور مصدقہ ہوں تاکہ اس میں وہی لوگ آئیں جو مختلف پارٹیوں سے تعلق رکھتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ سینیٹ کے انتخابات سے کافی پہلے سپریم کورٹ سے ہمیں رہنمائی ملے گی، اگر اسمبلی کا اجلاس ہوا تو وہاں سے منظور کروانے کی کوشش کریں گے کیونکہ یہ سب جماعتوں کے مفاد میں ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 903996

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/903996/شفافیت-کے-لیے-شو-آف-ہینڈز-ذریعے-سینیٹرز-کا-انتخاب-کروانا-چاہتے-ہیں-شبلی-فراز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org