0
Wednesday 16 Dec 2020 07:35

تمام سیاسی جماعتوں کیساتھ انتخابی اصلاحات کیلئے مذاکرات کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، عمران خان

تمام سیاسی جماعتوں کیساتھ انتخابی اصلاحات کیلئے مذاکرات کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کے لیے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور انتخابی اصلاحات کا مقصد پورے عمل کو شفاف بنانا ہے۔ سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انتخابات کے لیے قانونی اصلاحات کا صرف ایک مقصد ہے اور وہ پورے عمل کو شفاف بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے اس ضمن میں مذاکرات کے لیے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ کابینہ اجلاس میں سیکرٹ بیلٹ کے بجائے اوپن ووٹنگ پر غور کیا گیا۔ اٹارنی جنرل آف پاکستان نے کابینہ کو سینیٹ انتخابات کے قانون کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ آئین پاکستان میں اوپن بیلٹ کی بظاہر کوئی ممانعت نہیں ہے۔
 
رپورٹ کے مطابق کابینہ نے فیصلہ کیا کہ اس ضمن میں آئین پاکستان کے آرٹیکل 186کے تحت اٹارنی جنرل کے ذریعے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائے گا۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا تھا کہ سینیٹ کے انتخابات مارچ یا اس سے قبل ہوں گے، سینیٹ کے انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے الزامات لگتے ہیں اور بات طے ہوجاتی ہے کہ خرید و فروخت ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کی شفافیت کے لیے سپریم کورٹ نے مختصر حکم جاری کیا تھا، جس کی بنیاد پر ہم نے اسمبلی میں ایک بل پیش کیا تھا اور آج اس پر بحث ہوئی کہ کس طرح اس بل کو منظور کروا سکتے ہیں، یہ آئینی ترمیم، ایگزیکٹو آرڈر یا الیکشن کمیشن کے ذریعے ہوگا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے طے کیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 186 کے تحت سپریم کورٹ سے رہنمائی لیں گے جس کے لیے ہمارا مدعا ہے کہ شو آف ہینڈز کے ذریعے انتخابات ہوں۔

کابینہ اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا نیا چیئرمین تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے عاصم شہریارحسین کی بطور چیف ایگزیکٹو افسر نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ تین سالہ کنٹریک، عمران مانیار کوتین سال کے لیے کنٹریکٹ پر بطور منیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ اور علی جاوید ہمدانی کو تین سال کے لیے منیجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ تعینات کرنے کی منظوری دی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں مختلف ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی تعینات کرنے، بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے سی ای اوز تعینات کرنے کے لیے اشتہارات شائع کرنے کی منظوری دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 904024
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش