QR CodeQR Code

پاکستان میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کی قعطاً کوئی گنجائش نہیں، عثمان بزدار

16 Dec 2020 11:26

سانحہ اے پی ایس کی برسی پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ برداشت اور میانہ روی پر مبنی معاشرے کے قیام کاعظیم مقصد ضرور حاصل کریں گے، پوری قوم آج آرمی پبلک سکول پشاور کے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج اسی اتحاد کو برقرار رکھنے کے عزم کی تجدید کرنا ہے جس کی خاطر معصوم بچوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 16 دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد ہمیشہ تازہ کرتا رہے گا۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ قوم آرمی پبلک سکول کے بچوں اور اساتذہ کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، بچوں نے اپنے قیمتی لہو سے محفوظ اور پُرامن پاکستان کی تاریخ لکھی، محفوظ اور پُرامن پاکستان کی بنیادوں میں بچوں کا خون شامل ہے۔ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ننھے پھولوں نے عظیم مقصد کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہداء کی عظیم قربانیوں کے طفیل دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم کا مثالی اتحاد اور اتفاق سامنے آیا۔
 
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ شہید بچوں کی عظیم قربانیوں نے قوم کو نیا حوصلہ اورعزم دیا، سفاک دشمن کو شکست ہوئی اور پاکستان امن کا گہوارہ بنا۔ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ شہید بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہدائے اے پی ایس کے خاندانوں کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، عظیم شہداء کے خون کا ایک ایک قطرہ اس مٹی پر قرض ہے۔ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے پاکستان میں دہشتگردی اورانتہا پسندی کی قعطاً کوئی گنجائش نہیں، برداشت اور میانہ روی پر مبنی معاشرے کے قیام کاعظیم مقصد ضرور حاصل کریں گے، پوری قوم آج آرمی پبلک سکول پشاور کے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج اسی اتحاد کو برقرار رکھنے کے عزم کی تجدید کرنا ہے جس کی خاطر معصوم بچوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔


خبر کا کوڈ: 904066

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/904066/پاکستان-میں-دہشتگردی-اور-انتہا-پسندی-کی-قعطا-کوئی-گنجائش-نہیں-عثمان-بزدار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org