0
Wednesday 16 Dec 2020 20:49
شہید سلیمانی نہ صرف ملت ایران بلکہ دنیائے اسلام کے ہیرو تھے

جب بھی ممکن ہوا شہید قاسم سلیمانی کے قاتلوں سے سخت انتقام لیا جائیگا، رہبر انقلاب اسلامی

جہاں بھی مسلمان عالمی استعمار سے ٹکراتے ہیں انکا آئیڈیل شہید سلیمانی ہے
جب بھی ممکن ہوا شہید قاسم سلیمانی کے قاتلوں سے سخت انتقام لیا جائیگا، رہبر انقلاب اسلامی
اسلام ٹائمز۔ اسلام کے عظیم جنرل شہید قاسم سلیمانی، شہید ابو مہدی المہندس اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کی پہلی برسی کے موقع پر شہید سلیمانی کے اہل خانہ اور شہداء کی برسی کے انعقاد کے سلسلہ میں انتظامات کرنے والے افراد نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ رپورٹ کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے اس ملاقات میں شہید سلیمانی کو ملت ایران اور امت اسلامی کا ہیرو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور عراق میں شہید سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی تشیع جنازہ میں کروڑوں افراد نے شرکت کرکے امریکہ کے منہ پر پہلا طمانچہ مارا، لیکن اس سے بھی سخت تر طمانچہ سافٹ ویئر میں غلبے اور امریکہ کے خطے سے اخراج کی صورت میں ہوگا، البتہ جنرل سلیمانی کے قتل کا حکم دینے والوں اور قاتلوں کو سخت انتقام کا سامنا کرنا پڑے گا اور جب بھی ممکن ہوا یہ انتقام یقینی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں ایرانی حکام اور ملت ایران کو چار اہم نصیحتیں بھی کیں اور وہ یہ ہیں کہ ہر شعبے میں اپنے آپ کو مضبوط بنائیں، دشمن پر اعتماد نہ کریں، قومی اتحاد کو پارہ پارہ نہ ہونے دیں اور اقتصادی پابندیوں کو ختم کرنے اور انہیں ناکام بنانے کی فکر میں رہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کے اوصاف کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی اہم ترین خصوصیات میں سے ایک ان کی شجاعت تھی، وہ بہت بہادر انسان تھے اور یہ ایرانی خصلتوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید بہت زیادہ زیرک اور ایثار و قربانی کا جذبہ رکھنے والے انسان بھی تھے، وہ اخلاص کا پیکر اور اہل آخرت بھی تھے، وہ ریاکاری سے کوسوں دور تھے، یہ وہ ایرانی و اسلامی خصائل ہیں کہ جو شہید سلیمانی کی ذات میں جمع ہوگئے تھے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی نہ صرف ملت ایران بلکہ دنیائے اسلام کے ہیرو تھے کیونکہ دنیائے اسلام میں جہاں کہیں بھی مسلمان عالمی استعمار سے ٹکراتے ہیں، ان کا آئیڈیل اور ہیرو شہید قاسم سلیمانی ہے۔ انہوں نے ملت ایران کے حکام کو خطاب کرکے کہا کہ دشمن پر کبھی اعتماد نہ کریں، لوگوں کی مشکلات کو دور کریں اور ملک کے بہتر مستقبل کے لئے ادھر ادھر کے وعدوں پر اعتماد نہ کریں، کیونکہ یہ اچھے لوگوں کے وعدے نہیں بلکہ مفسد اور شریر لوگوں کے وعدے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ نے دیکھا کہ ٹرمپ اور اوباما کے امریکہ نے آپ کے ساتھ کیا کیا؟ ہم سے دشمنی صرف ٹرمپ کے امریکہ کی نہیں ہے کہ اس کے جانے سے دشمنی بھی ختم ہو جائے گی، اوباما کے امریکہ نے بھی آپ سے اور ملت ایران سے کچھ اچھا نہیں کیا۔ آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ یورپ کے تین ملکوں نے بھی اپنے کئے ہوئے وعدوں پر عمل نہیں کیا، ان کا طرز عمل منافقانہ تھا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ دشمن کی اقتصادی پابندیوں کو ناکام بنا دیں، کیونکہ پابندیوں کو اٹھانا دشمن کا کام ہے لیکن پابندیوں کو ناکام بنانا ہمارا کام ہے، اس سلسلہ میں ایک گھنٹہ کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیئے، اب تک چار سال کی تاخیر ہوچکی ہے، حالانکہ طے یہ تھا کہ چار سال قبل یہ تمام اقتصادی پابندیاں اٹھا دی جائیں گی، لیکن اس وقت تک نہ صرف پابندیاں اٹھائی نہیں گئی ہیں بلکہ ان میں اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر عزت مندانہ اور خردمندانہ طریقہ سے پابندیاں اٹھتی ہیں تو اس کام کو انجام دینا چاہیئے، لیکن فوکس پابندیوں کو ناکام بنانے پر رکھنا چاہیئے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے آخر میں کہا کہ میں ملک کے حکام کی حمایت کرتا ہوں بشرطیکہ وہ ملت کے اہداف کے پابند ہوں۔
خبر کا کوڈ : 904162
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش