QR CodeQR Code

دبئی، شاہ محمود قریشی کی شیخ محمد بن راشد المختوم سے ملاقات

17 Dec 2020 17:48

نجی ٹی وی کے مطابق فریقین کے مابین پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان زراعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، شیخ محمد بن راشد المختوم کو یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر دبئی پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور دبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المختوم سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی قیادت کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین مذہبی تاریخی اور تہذیبی بنیادوں پر استوار دو طرفہ گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان، کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تجارتی و معاشی تعاون کے فروغ کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے برادرانہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق انکا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم لاکھوں پاکستانی گذشتہ کئی دہائیوں سے یو اے ای کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، آئندہ سال دوبئی میں منعقد ہونیوالی نمائش (ایکسپو 2020) میں پاکستانی پویلین، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دہائیوں پر محیط دوستی کا مظہر ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق فریقین کے مابین پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان زراعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔ وزیر خارجہ نے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المختوم کو یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور ان کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا۔


خبر کا کوڈ: 904360

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/904360/دبئی-شاہ-محمود-قریشی-کی-شیخ-محمد-بن-راشد-المختوم-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org