0
Thursday 17 Dec 2020 23:15

امریکہ شام سے اپنی غیر قانونی فوجی موجودگی کو فوراً ختم کرے، ایران

امریکہ شام سے اپنی غیر قانونی فوجی موجودگی کو فوراً ختم کرے، ایران
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے مجید تخت روانچی نے تاکید کی ہے کہ شام میں امریکہ کی غیر قانونی فوجی موجودگی کا مقصد خفیہ اہداف تک رسائی ہے، جبکہ امریکہ کو چاہیئے کہ وہ شام کے اندر اپنی غیر قانونی فوجی موجودگی کو فوراً ختم کر دے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے نے تاکید کی ہے کہ تمام فریقوں کو شامی خود مختاری، سیاسی آزادی، وحدت اور جغرافیائی سالمیت کا احترام کرنا چاہیئے۔ مجید تخت روانچی نے شام کے اندر ہر قسم کے علیحدگی پسندانہ اور ریاست میں ریاست قائم کرنے کے غیر قانونی اقدامات کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ شام کے اندر، شامی حکومت کی اجازت کے بغیر موجود تمام ممالک فوری طور پر شامی سرزمین کو ترک کر دیں!

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے نے اپنے خطاب میں تاکید کی کہ اسلامی جمہوریہ ایران شامی بحران کے مکمل حل کے لئے پرعزم ہے جبکہ شامی وزیر خارجہ کی جانب سے تہران کے دورے کے دوران شامی حاکمیت و جغرافیائی سالمیت کی مضبوطی اور عوامی مشکلات میں کمی لانے کے مختلف طریقوں سمیت متعدد مسائل پر گفتگو بھی کی گئی ہے۔ مجید تخت روانچی نے ایرانی ڈپٹی وزیر خارجہ علی اصغر خاجی کے ساتھ شام کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے گیئر پیڈرسن کے مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شامی آئین ساز کمیٹی کو کسی بھی مداخلت، بیرونی دباؤ یا اس کے لئے ڈیڈ لائن تعین کئے بغیر اپنے کام کو بخوبی مکمل کرنے دیا جائے۔ انہوں نے شام کے اندر جاری دہشتگردوں کے خلاف کلین سویپ آپریشن میں (امریکہ سمیت) عالمی طاقتوں کی جانب سے روڑے اٹکائے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ "ادلب" جیسے علاقے دہشتگرد گروہوں کے لئے "جنت" نہیں بن جانا چاہئیں جبکہ غیر فوجی شہریوں کی جانوں کی حفاظت کی خاطر، خطرات کے مکمل طور پر ختم ہو جانے تک دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری رہنا چاہیئے۔

مجید تخت روانچی نے غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے شام کے خلاف آئے دن ہونے والی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فوجی مہم جوئی انتہائی اشتعال انگیز ہے، جسے فوری طور پر ختم کر دیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے شامی تعمیر نو اور شامی مہاجرین و ملک کے اندر دربدر شہریوں کی پرامن و رضاکارانہ واپسی میں آسانی پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دسیوں لاکھ شامی پناہ گزینوں کے مفاد کو چند ایک خاص عالمی طاقتوں کے مفاد کے باعث قربانی کا بکرا نہیں بنایا جانا چاہیئے جبکہ شامی پناہ گزینوں کی واپسی میں تاخیر کا موجب بننے والا ہر اقدام صرف اور صرف شامی بے گناہ شہریوں کے رنج و الم میں اضافے کا سبب بنے گا۔ مجید تخت روانچی نے کہا کہ پابندیاں؛ خصوصی امریکی پابندیاں، معاشرے کے کمزور ترین طبقات کو دوسروں سے بڑھ کر نشانہ بناتی ہیں اور یوں ان کے رنج و الم میں مزید اضافے کا باعث بنتی ہیں جبکہ پابندیاں عائد کئے جانے کے اس عمل کو فوری طور پر روک دیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے آخر میں تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، شامی حکومت و عوام کی حمایت میں دہشتگردی و غیر ملکی قبضے کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
خبر کا کوڈ : 904425
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش