0
Friday 18 Dec 2020 08:58

الیکشن کمیشن کا اچانک خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کروانے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن کا اچانک خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کروانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن نے حیرت انگیز طور پر اچانک قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر ضمنی انتخاب کروانے کا فیصلہ کر لیا جو کہ کورونا وائرس کی وجہ سے زیر التوا تھے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ جو کہ سینٹ انتخابات کے لیے الیکٹورل کالج کی تکمیل کی راہ ہموار کرے گا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سندھ کے سوا تمام صوبوں نے مدعو کیے جانے کے باوجود شرکت نہیں کی، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما تاج حیدر نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کے قانونی مشیر مرتضیٰ وہاب اور صوبائی حکومت کے دیگر نمائندے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ الیکشن کمیشن کے سیکریٹری نے اجلاس کو بتایا کہ قومی اسبملی کی 2 جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں۔ باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ 8 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول آج جاری کیا جائے، قومی اسمبلی کی جن 2 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہونا ہے اس میں این اے 75 سیالکوٹ اور این اے45 کرم ایجنسی شامل ہے، دوسری جانب صوبائی اسبملیوں کی جن نشستوں پر ضمنی انتخاب ہو گا ان میں سندھ کے حلقے پی ایس 52 عمر کوٹ، پی ایس 88 ملیر اور پی ایس43 سانگھڑ جبکہ پی پی51 گوجرانوالہ، خیبر پختونخوا میں پی کے 63 نوشہرہ اور بلوچستان میں پی بی 20 پشین شامل ہے۔ یاد رہے کہ یکم دسمبر کو الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا تھا کہ 31 جنوری 2021ء تک کوئی بھی زیرالتوا ضمنی انتخاب نہیں کروایا جائے گا۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے پی پی پی رہنما تاج حیدر نے کہا کہ آئین و قانون کے تحت کسی بھی خالی نشست پر 60 روز میں ضمنی انتخابات کروانے ہوتے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستیں مل کر الیکٹورل کالج تشکیل دیتی ہیں اور اگر خالی نشستیں پُر نہ کی گئیں تو الیکٹورل کالج نامکمل رہے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حال ہی میں گلگت بلتستان میں بھی انتخابات ہوئے ہیں اور امریکی صدارتی انتخابات کا بھی حوالہ دیا جہاں کووِڈ 19 کا پھیلاؤ سب سے زیادہ ہے۔ اج حیدر کا کہنا ھا کہ سندھ حکومت ضمنی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں کووِڈ 19 سے تحفظ کے لیے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمد یقینی بنا سکتی ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سانگھڑ اور عمر کوٹ جہاں صوبائی اسمبلی کی 3 میں سے 2 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہونا ہے وہاں کووِڈ 19 کے کیسز کی تعداد کم ہے۔ ای س پی نے اس معاملے پر پہلے سے لی گئی صوبوں کی آرا کو بھی مدِنظر رکھا جس میں سندھ اور بلوچستان نے ضمنی انتخاب کے لیے اپنی تیاری ظاہر کی تھی جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا نے اسے ملتوی کرنے کا کہا تھا۔ چنانچہ الیکشن کمیشن نے حقائق کا جائزہ لینے کے بعد خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کروانے کا فیصلہ کرلیا اور ای سی پی سیکریٹریٹ کو اس حوالے سے شیڈول جاری کرنے کی بھی ہدایت دے دی۔
خبر کا کوڈ : 904474
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش