QR CodeQR Code

مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی اسداللہ بھٹو سے ملاقات، سامراجی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد و منظم ہو کر جدوجہد کرنے پر تاکید

9 Aug 2011 08:16

اسلام ٹائمز:قبا آڈیٹوریم میں ہونیوالی اس ملاقات میں دونوں جماعتوں کے رہنماوں نے باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً ملکی سیاسی صورتحال اور اتحاد امت کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے ملک وملت کے مفادات اور سامراجی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد و منظم ہو کر جدوجہد کرنے پر زور دیا۔ رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت یہود ونصاریٰ کی عالم اسلام کیخلاف ہونے والی سازشوں کو روکنے کیلئے اتحاد بین المسلمین اور غلبہ حق کیلئے مشترکہ جدوجہد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔


کراچی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو سے مجلس وحدت مسلمین کے ایک اعلٰی سطحی وفد نے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور علامہ مرزا یوسف حسین کی قیادت میں قبا آڈیٹوریم میں ملاقات کی۔ دونوں جماعتوں کے رہنماوں نے باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً ملکی سیاسی صورتحال اور اتحاد امت کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے ملک وملت کے مفادات اور سامراجی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد و منظم ہو کر جدوجہد کرنے پر زور دیا۔ وفد میں مجلس وحدت مسلمین کے ناظم سیاسی امور علی اوسط، ناظم تنظیم شبیر بخاری، ذکی عابدی، علامہ صادق رضا نقوی، علامہ علی انور، اصغر عباس زیدی جبکہ جماعت اسلامی سندھ کے ناظم عمومی مولانا محمد دین منصوری اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ 
صوبائی امیر جماعت اسلامی نے مہمانوں کو سندھ کی ثقافت اجرک بھی پیش کی۔ اسداللہ بھٹو نے کہا کہ کرپٹ قیادت اور فرسودہ نظام کے خاتمے، اہل قیادت اور نظام مصطفوی کے نفاذ کے بغیر ملک وقوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔ آج ملک مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی ،بیرونی یلغار سمیت جن خطرات سے دوچار ہے، اس کا واحد سبب کرپٹ قیادت اور ظالمانہ نظام ہے۔ جماعت اسلامی اپنے قیام کے روز اول سے اس فرسودہ نظام کے خاتمے، اتحاد بین المسلین اور اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت یہود ونصاریٰ کی عالم اسلام کیخلاف ہونے والی سازشوں کو روکنے کیلئے اتحاد بین المسلمین اور غلبہ حق کیلئے مشترکہ جدوجہد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے جنرل سیکرٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ عوامی اور پرامن جدوجہد ہی تبدیلی کا بہترین اور کامیاب ذریعہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 90457

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/90457/مجلس-وحدت-مسلمین-کے-وفد-کی-اسداللہ-بھٹو-سے-ملاقات-سامراجی-سازشوں-کو-ناکام-بنانے-کیلئے-متحد-منظم-ہو-کر-جدوجہد-کرنے-پر-تاکید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org