0
Friday 18 Dec 2020 21:56

امریکی پابندیوں کے باوجود روس کیساتھ فوجی تعاون جاری رہیگا، کاظم جلالی

امریکی پابندیوں کے باوجود روس کیساتھ فوجی تعاون جاری رہیگا، کاظم جلالی
اسلام ٹائمز۔ ماسکو میں ایرانی سفیر کاظم جلالی نے روسی خبر رساں ایجنسی اسپتنک کو انٹرویو دیتے ہوئے تاکید کی ہے کہ تہران و ماسکو کے درمیان متعدد اہم و تزویراتی میدانوں میں گہرے روابط موجود ہیں۔ کاظم جلالی نے کہا کہ بعض فریقوں کی جانب سے، ایران و روس کے درمیان استوار تعلقات کو غیر تزویراتی اور دستخط شدہ چند ایک غیر اہم معاہدات قرار دیئے جانے کی کوششیں کی جا رہی ہے، تاہم ایران و روس کے یہ تعلقات انتہائی اہم ہیں، جو روز بروز مزید گہرے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف سیاسی و بین الاقوامی مسائل سمیت متعدد اہم امور پر صلاح مشورہ جاری رہتا ہے بلکہ دونوں طرف سے ہر میدان میں گہرا تعاون اور ہمہ جانبہ حمایت بھی کی جاتی ہے۔

کاظم جلالی نے روسی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ ایران و روس دونوں ہی امریکی پابندیوں کا نشانہ بنے ہوئے ہیں اور کہا کہ اس حوالے سے دونوں ممالک کی جانب سے ڈالر پر انحصار کو کم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان ایک نیا مالی نظام فعال ہوچکا ہے جبکہ گذشتہ مدت کے دوران اس حوالے سے خاطر خواہ پیشرفت بھی حاصل ہوئی ہے۔ کاظم جلالی نے کہا کہ اس وقت تہران و ماسکو کے درمیان ہونے والی تجارت کا 40 فیصد حصہ اسی نظام کے تحت انجام پاتا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے اس نظام کو مزید توسیع دی جائے گی۔

ماسکو میں تعینات ایرانی سفیر نے اپنے انٹرویو میں تاکید کی کہ ایران، روس، چین اور امریکی پابندیوں کے شکار دوسرے ممالک کو چاہیئے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ آن کھڑے ہوں اور یہ ثابت کر دیں کہ پابندیوں پر مبنی مذموم ہتھکنڈے کا عالمی سطح پر استعمال، نہ صرف غیر قانونی اور انتہائی برے نتائج کا حامل ہے بلکہ ممالک و عوام کے لئے بھی انتہائی نقصاندہ ہے۔ کاظم جلالی نے کہا کہ ہم اپنے کاموں کو کھوکھلے نعروں اور سیاسی پراپیگنڈے کے بغیر انجام دیتے ہیں جبکہ امریکی پابندیوں کے باوجود، تہران و ماسکو کے درمیان فوجی تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے آخر میں واشنگٹن کی نئی پابندیوں کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ امریکہ کا یہ رویہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور اس بات کا ثبوت یہ ہے کہ وہ خود کو دنیا کی واحد سپر پاور سمجھتا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آج دنیا میں کئی ایک طاقتیں موجود ہیں، جنہوں نے گوناگوں میدانوں میں امریکہ پر سبقت حاصل کر رکھی ہے۔
خبر کا کوڈ : 904580
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش