QR CodeQR Code

پاکستانی عوام فلسطین کے حامی ہیں اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتے، عمران خان کا انٹرویو میں اظہار خیال

19 Dec 2020 07:48

نجی ٹی وی کیساتھ انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا کہ میں پرانے آرمی چیفس کو بھی جانتا تھا، جنرل قمر جاوید باجوہ کے اندر اس وقت بہت غصہ ہے لیکن مجھے پتہ ہے کہ وہ برداشت کر رہے ہیں کیونکہ وہ جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے نجی ٹی وی کیساتھ انٹرویو میں کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی ہماری پالیسی نہیں ہے اور یہ بالکل جھوٹی خبر ہے، جب ہماری پالیسی نہیں تو پھر کوئی وزیر اسرائیل کیوں جائے گا، پاکستان کے جمہوری معاشرے میں کبھی تسلیم نہیں کرسکتے کیونکہ عوام فلسطین کی حمایت کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ 50 سال میں مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں 3 دفعہ زیر بحث آیا تو کیسے کشمیر ہمارے ہاتھ سے چلایا گیا، آج پاکستان کا امیج بھارت سے اوپر چلا گیا ہے، آج کشمیر 50 سال بعد پہلی مرتبہ اس قدر اوپر گیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ برداشت کر رہے ہیں کیونکہ وہ جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں لیکن کوئی اور ہوتا تو بڑا ردعمل آتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ کی تعریف کرتا ہوں، میں پرانے آرمی چیفس کو بھی جانتا تھا، اس طرح کسی بھی آرمی چیف کو نشانہ بنانے سے فوج کے اندر ایک ردعمل آتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ ایک سلجھے ہوئے آدمی ہیں، ان کے اندر ایک ٹھہراؤ ہے، اس لیے وہ برداشت کر رہے ہیں، کوئی اور فوج میں ہوتا تو بڑا ردعمل آنا تھا، اس وقت اندر بہت غصہ ہے لیکن مجھے پتہ ہے کہ وہ برداشت کر رہے ہیں کیونکہ وہ جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔

اپوزیشن پر الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جنرل فیض حمید اور ان کو نشانہ بنانے رہے اور فوج کو بلیک میل کر رہے ہیں کہ کسی طرح جمہوری حکومت کو گرانے کے لیے دباؤ ڈالیں۔ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے 31 جنوری تک استعفیٰ دینے کی ڈیڈلائن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عوام کو سمجھنا چاہیے کہ یہ خود کو ڈیموکریٹس کہہ رہے ہیں اور پاکستان کی فوج کو اپیل کر رہے ہیں کہ جمہوری حکومت کو ہٹادیں، اس پر آئین کا آرٹیکل 6 لگتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اگر آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف مجھے نہیں ہٹاتے ہیں تو فوج سے کہہ رہے ہیں مجھے ہٹا دیں، جس طرح کی باتیں جلسوں میں کر رہے ہیں یہ پریشان ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج حکومت کا ایک ادارہ ہے، وہ میرے نیچے ہیں، پاکستان کی فوج میرے اوپر نہیں بیٹھی بلکہ میرے نیچے ہے اور میں منتخب وزیراعظم ہوں اور یہ کہنا کہ میرے نیچے ایک ادارہ مجھے گرا دے تو دنیا کی کس جمہوریت میں یہ کہا گیا ہے۔ عمران نے کہا کہ ابھی تک جو چیز میری حکومت نے کرنا چاہا اور میرا منشور ہے اس پر پاکستان کی فوج اور پاکستان کے سارے ادارے میرے ساتھ کھڑے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دو سال میں پاکستان کو جس مشکل سے نکالا ہے، اگر پاکستانی فوج اور ادارے میرے ساتھ کھڑے نہ ہوتے تو میں اکیلا کیا کر سکتا تھا۔ وزیر اعظم نے نواز شریف کے حوالے سے کہا کہ ہم نے دیکھا ہے کہ پاکستان کی فوج نے اس کو کیسے بنایا، نواز شریف کو پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف کھڑا کیا گیا، جنرل ضیا نے پی پی پی سے ڈر کر ان کو تیار کیا۔


خبر کا کوڈ: 904643

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/904643/پاکستانی-عوام-فلسطین-کے-حامی-ہیں-اسرائیل-کو-تسلیم-نہیں-کر-سکتے-عمران-خان-کا-انٹرویو-میں-اظہار-خیال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org