0
Sunday 20 Dec 2020 18:22

کاظم میثم کی قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے ملاقات، سکردو حلقہ دو میں سب کیمپس قائم کرنے پر اتفاق

کاظم میثم کی قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے ملاقات، سکردو حلقہ دو میں سب کیمپس قائم کرنے پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ وزیر زراعت گلگت بلتستان کاظم میثم نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سکردو حلقہ دو میں قراقرم یونیورسٹی سب کیمپس قائم کرنے پر اتفاق کر لیا گیا۔ پبلک ریلیشنز آفس کے مطابق ملاقات میں وائس چانسلر نے صوبائی وزیر کو یونیورسٹی میں جاری تعلیمی، تحقیقی و تخلیقی سرگرمیوں سمیت تعمیراتی امور سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر کاظم میثم نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور اپنی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ صوبائی وزیر نے وائس چانسلر سے ملاقات کے دوران کہاکہ سکردو حلقہ دو کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے کہ وہاں قراقرم یونیورسٹی کا ویمن سب کیمپس قائم کیا جائے۔

کاظم میثم نے کہا کہ سکردو حلقہ دو میں طالبات کی بڑی تعداد یونیورسٹی کیمپس نہ ہونے کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم سے محروم رہ جاتی ہے۔ صوبائی وزیر نے سکردو میں قراقرم یونیورسٹی سب آفس کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے گمبہ سکردو میں قراقرم یونیورسٹی کیمپس کے قیام پر اتفاق کرتے ہوئے اس کی فزیبلٹی رپورٹ کے لیے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سجاد علی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی۔ جس میں ایڈیشنل رجسٹرار ایڈمن شاہد احمد شگری اور لیکچرار محمد رضا شامل ہیں۔ یہ کمیٹی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرکے وائس چانسلر کو پیش کرے گی تاکہ سب کیمپس کے فیز II میں شامل کیا جا سکے۔ وائس چانسلر نے سکردو سب آفس کو وہاں کے طلبہ وطالبات کی سہولت کے لیے برقرار رکھنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
خبر کا کوڈ : 904972
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش