QR CodeQR Code

سندھ میں گیس کی قلت، اکرام اللہ دھاریجو وفاقی حکومت پر برس پڑے

21 Dec 2020 21:26

ایک بیان میں پی پی رہنما نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل حل کرے، کہیں ایسانہ ہو کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز نہ ہو جائے، ہر چیز مہنگی کرکے وفاقی حکومت ملک کو انارکی کی طرف دھکیل رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے صوبہ سندھ میں گیس کی بدترین بندش پر وفاق کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی کے باعث اس جدید دور میں بھی شہری لکڑیوں پر کھانا پکانے پر مجبور ہیں جبکہ صنعتوں کو بھی گیس کا نہ ملنا افسوسناک ہی نہیں بلکہ بے روزگاری میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق صنعتوں کو گیس کی فراہمی معطل ہونے پر اظہار تشویش کرتے ہوئےجام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ اخباری اطلاعات کے مطابق 20 جنوری تک صنعتوں کو گیس نہیں ملے گی جو انتہائی افسوناک ہے، ملک کے بڑے شہروں میں بھی گھریلو صارفین کو گیس کی قلت کا سامنا ہے اور وفاقی حکومت کی نااہلی کے باعث اس جدید دور میں بھی شہری لکڑیوں پر کھانا پکانے پر مجبور ہیں، صنعتوں کو گیس کی بندش سے بیروزگاری مزید بڑھے گی جبکہ عوام مہنگائی اور کورونا وائرس کی وجہ سے پہلے ہی بہت پریشان ہیں۔

جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ لگتا ہے وفاقی حکومت عوام کے مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں، ضروریات زندگی کی تمام اشیاء کو مہنگا کردیا گیا ہے، دال، چینی، آٹا، انڈے ہر چیز عوام کی دسترس سے دور ہوگئی جبکہ وفاقی وزراء جھوٹ پر جھوٹ بولتے ہوئے عوام کو سہولیات دینےکے بجائے لولی پاپ دے رہے ہیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل حل کرے، کہیں ایسانہ ہو کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز نہ ہو جائے، ہر چیز مہنگی کرکے وفاقی حکومت ملک کو انارکی کی طرف دھکیل رہی ہے، اس مہنگائی کے دور میں 15 سے 20 ہزار روپے کمانے والا گھر کیسے چلائے گا؟ لگتا ہے سلیکٹڈ یو ٹرن حکومت کو کوئی خوف خدا نہیں رہا اور عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 905229

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/905229/سندھ-میں-گیس-کی-قلت-اکرام-اللہ-دھاریجو-وفاقی-حکومت-پر-برس-پڑے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org