QR CodeQR Code

شام، دہشتگردوں کیجانب سے اسمگلنگ کیلئے ذخیرہ کئے گئے تیل کے ڈپو پر نامعلوم ڈرون حملے

21 Dec 2020 23:47

روسی خبررساں ایجنسی اسپتنک کیمطابق ہونیوالے یہ دھماکے "الباب" کے نواحی علاقے "ترحین" میں ہوئے ہیں جہاں دہشتگردوں کیجانب سے چرایا گیا شامی تیل ذخیرہ کیا گیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ مقامی میڈیا نے شام کے مشرقی صوبے حلب کے گاؤں "الباب" میں ہونے والے متعدد زوردار دھماکوں کی اطلاع دی ہے۔ روسی خبررساں ایجنسی اسپتنک کے مطابق یہ دھماکے الباب کے نواحی علاقے "ترحین" میں ہوئے ہیں جہاں دہشتگردوں کی جانب سے چرایا گیا شامی تیل ذخیرہ کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی حمایت یافتہ دہشتگردوں نے اس علاقے میں موجود آئل ریفائنری پر قبضہ کر رکھا ہے کہ جہاں وہ شامی کنووں سے چرائے گئے تیل کو صاف کر کے قابض امریکی فوج کے ہاتھوں بیچ ڈالتے ہیں جبکہ گذشتہ روز نامعلوم ڈرون طیاروں کی جانب سے دہشتگردوں کے آئل ڈپو پر متعدد حملے کئے گئے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈرون طیاروں کی جانب سے ہونے والی بمباری کے بعد آئل ریفائنری اور تیل کے ڈپو میں متعدد ہولناک دھماکے ہوئے ہیں جن کی آوازیں کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں دہشتگردوں کو بہت زیادہ مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ تاحال معلوم نہیں کہ یہ حملے کس فریق کی جانب انجام پائے ہیں تاہم قبل ازیں بھی ایسے ہی حملے کئے گئے تھے جن میں متعدد دہشتگرد ہلاک و زخمی ہو گئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 905269

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/905269/شام-دہشتگردوں-کیجانب-سے-اسمگلنگ-کیلئے-ذخیرہ-کئے-گئے-تیل-کے-ڈپو-پر-نامعلوم-ڈرون-حملے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org