0
Tuesday 22 Dec 2020 13:19

نارووال اسپورٹس سٹی کیس، احسن اقبال و دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد

نارووال اسپورٹس سٹی کیس، احسن اقبال و دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد
اسلام ٹائمز۔ احتساب عدالت نے نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال و دیگر پر فرد جرم عائد کر دی۔وفاقی دارالحکومت میں احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے احسن اقبال و دیگر کے خلاف دائر نارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر احسن اقبال کے وکیل طارق محمود جہانگیری کے جج بننے کے بعد جہانگیر جدون بطور وکیل پیش ہوئے۔ دوران سماعت وکیل جہانگیر جدون نے مؤقف اپنایا کہ یہ کیس کہاں بنتا ہے؟ کیا ہمارے ماتھے پر لکھا ہوا ہے؟ اسی دوران فرد جرم کی کارروائی سے قبل احسن اقبال نے اس پر اعتراض اٹھایا اور کہا کہ جج نے پہلے دیکھنا ہوتا ہے کہ یہ کیس بنتا بھی ہے یا نہیں۔ جس پر جج اصغر علی نے ریمارکس دیے کہ ہم سامنے پیش کیا گیا ریکارڈ دیکھ کر ہی کہہ رہے ہیں یہ بادی النظر میں کیس بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے سے پہلے فیصلہ نہیں سنا سکتے، شواہد دیکھے جائیں گے۔

اس پر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جج صرف استغاثہ کی بات سن کر نہیں بات کیا کرتا، جس پر جج نے ریمارکس دیے کہ ہم یہاں ایسی باتیں سننے نہیں بیٹھے۔ ساتھ ہی عدالت کے جج نے احسن اقبال کو بات کرنے سے روک دیا۔ اس موقع پر جج اصغر علی نے ریمارکس دیے کہ آپ نے کوئی درخواست دائر کرنی ہے تو کریں یا اپنے وکیل کے ذریعے بات کریں۔ بعد ازاں عدالت نے سابق وزیر ترقی و منصوبہ بندی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال پر مذکورہ کیس میں فرد جرم عائد کر دی جس پر انہوں نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ ساتھ ہی عدالت نے ملزمان اختر نواز گنجیرا، سرفراز رسول، آصف شیخ اور نجی ٹھیکیدار محمد احمد پر بھی فرد جرم عائد کی۔ تاہم تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا، جس کے بعد عدالت نے 12 جنوری کو استغاثہ (نیب) کے گواہان کو طلب کر لیا۔
خبر کا کوڈ : 905401
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش