QR CodeQR Code

محمد حسین محنتی کا جمعیت کے یوم تاسیس پر پیغام

22 Dec 2020 20:00

اپنے پیغام میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ جمعیت کی قیادت نوجوانوں کی کردار سازی پر خصوصی توجہ کے ساتھ ان کے اندر قائدانہ صلاحیتوں کی نشوونما کرے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جمعیت روشن مستقبل کی نوید ہے، جس نے ہمیشہ ختم نبوت تحریک سے لیکر استحکام پاکستان تک ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے بڑی قربانیاں اور اہم کردار ادا کیا ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے 74ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے اپنے پیغام میں محمد حسین محنتی نے جہد مسلسل کے 73 سال مکمل کرکے 74 سال میں داخل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جمعیت ان صالح و باکردار نوجوانوں کا قافلہ ہے، جنہوں نے نوجوانوں کو تعلیم کا شوق و آگے بڑھنے کا جذبہ بلکہ زندگی کے حقیقی مقصد سے آگاہی اور دنیا و آخرت کی کامیابی کیلئے ان کی کردار سازی کا بہترین فریضہ سرانجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ملک کے روشن و تابناک مستقبل کیلئے دیانتدار و قابل قیادت فراہم کی ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ آج ملک کی تمام بڑی سیاسی و دینی جماعتوں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں جمعیت کے تربیت یافتہ افراد اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ جمعیت کی قیادت نوجوانوں کی کردار سازی پر خصوصی توجہ کے ساتھ ان کے اندر قائدانہ صلاحیتوں کی نشوونما کرے، تعلیمی اداروں میں پرامن و تعلیمی ماحول پیدا کرنے کیلئے بھی جمعیت کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے، تاکہ نوجوان نسل سیرت و کردار کی تعمیر اور بہتر تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوکر بہتر انداز میں ملک و قوم کی خدمت کرسکے۔


خبر کا کوڈ: 905474

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/905474/محمد-حسین-محنتی-کا-جمعیت-کے-یوم-تاسیس-پر-پیغام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org