0
Tuesday 22 Dec 2020 21:39

یمنی ہوائی دفاع نے پیشرفتہ سعودی ڈرون مار گرایا

یمنی ہوائی دفاع نے پیشرفتہ سعودی ڈرون مار گرایا
اسلام ٹائمز۔ "الاعلام الحربی الیمنی" نے دعوی کیا ہے کہ یمنی ہوائی دفاعی سسٹمز نے پیشرفتہ سعودی ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جارح سعودی عرب کا ایک CH-4 ڈرون طیارہ یمنی صوبے مأرب کے علاقے "مدغل" میں یمنی اینٹی ایئرکرافٹ میزائل سسٹمز کا نشانہ بن گیا ہے۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحیی سریع نے بھی اس حوالے سے خبر دیتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی ہوائی دفاع نے جارح سعودی عرب کے پیشرفتہ ڈرون طیارے کو ایک ایسے "مناسب میزائل" کے ساتھ نشانہ بنایا ہے جس کا تاحال افتتاح نہیں کیا گیا۔



عرب نیوز چینال المسیرہ نے اس حوالے رپورٹ دی ہے کہ یمن کی جانب سے گرائے جانے والے سعودی ڈرون طیارے کے پروں کی لمبائی 18 میٹر ہے جبکہ یہ طیارہ 5 تا 7 کلومیٹر کی اونچائی پر 5000 کلومیٹرز تک پرواز کر سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس پیشرفتہ ڈرون طیارے کو پورے میدان جنگ کی کوریج اور وسیع جنگی اطلاعات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف قسم کے عسکری آپریشنز اور ساکن و متحرک اہداف کے خلاف انتہائی درست حملے کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔



واضح رہے کہ یمنی ہوائی دفاع قبل ازیں بھی جارح سعودی عرب کے اس جیسے 3 ڈرون طیارے سرنگوں کر چکا ہے جن میں پہلا 30 ستمبر 2018ء کے روز "الطوال" گذرگاہ کے علاقے میں، دوسرا 23 دسمبر 2018ء کے روز صوبہ صعدہ کی فضائی حدود میں اور تیسرا 07 جنوری 2020ء کے روز صوبہ الجوف میں گرایا گیا تھا۔

خبر کا کوڈ : 905502
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش