QR CodeQR Code

نواز شریف بیماری کا بہانہ بناکر عالمی طاقتوں کے ذریعے باہر کیوں گئے؟

مولانا فضل الرحمان جس اسمبلی کو جعلی کہتے ہیں، وہاں انکے بیٹے بھی موجود ہیں، حافظ حسین احمد

23 Dec 2020 00:31

ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں جے یو آئی کے رہنماء کا کہنا تھا کہ پارٹی کا اجتماعی فیصلہ ہوا کہ مولانا صدارتی الیکشن نہیں لڑینگے، لیکن اجلاس کے بعد مولانا کو فون آتا ہے اور وہ صدارتی الیکشن لڑتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماء حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جس اسمبلی کو جعلی کہتے تھے، وہاں سے صدارتی الیکشن لڑا، ان کے بیٹے بھی وہیں موجود ہیں۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان آزادی مارچ کے دوران چوہدری شجاعت کے ساتھ چند لوگوں سے ملے تھے، وہ صرف اتنا ہی بتا دیں کہ وہ لوگ کون تھے، جن سے ملے تھے یا جنہوں نے یہ کہا تھا کہ مارچ تک عمران خان کو نکال دیں گے، ایک طرف استعفے اور دوسری طرف کہتے ہیں کہ سینیٹ الیکشن نہیں لڑیں گے۔ حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اسمبلی کو جعلی کہتے تھے، انہوں نے اسی اسمبلی سے نواز شریف کے ایک فون پر صدارتی الیکشن کیوں لڑا؟ اسمبلی کو جعلی کہتے ہیں تو ان کے بیٹے وہاں اب تک کیوں موجود ہیں؟ پارٹی کا اجتماعی فیصلہ ہوا کہ مولانا صدارتی الیکشن نہیں لڑیں گے، لیکن اجلاس کے بعد مولانا کو فون آتا ہے اور وہ صدارتی الیکشن لڑتے ہیں۔

مولانا ہم پر یہ الزام لگاتے ہیں کہ ہم اس لیے ناراض ہوئے کہ ہمیں سینیٹ ٹکٹ نہیں دیا گیا، ہم تو چاہتے ہیں کہ جے یو آئی میں بھی الیکشن شفاف ہونے چاہئیں، پانی سر سے اونچا ہو جائے تو یقیناً لوگ بولیں گے، ہم کوئی الگ پارٹی یا گروپ نہیں بنائیں گے، ہم پارٹی دستور کے مطابق ہی پارٹی کو چلانے کی کوشش کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں جے یو آئی کے رہنماء کا کہنا تھا کہ اب تک جو بھی گفتگو کی، نواز شریف کی تقریر کیخلاف کی، نواز شریف نے فوج کو بغاوت پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، ان کی گفتگو پی ڈی ایم کے بیانیے میں شامل نہیں ہے اور نہ ہی جے یو آئی نواز شریف کی فوج سے متعلق اس گفتگو پر اتفاق رکھتی ہے، میں نے فضل الرحمان یا نواز شریف کیخلاف گفتگو نہیں کی، مجھے شوکاز دیا گیا اور پھر فوری طور پر پارٹی سے بھی نکال دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جو فوج کیخلاف گفتگو کی، وہ درست نہیں تھی، کیونکہ وہ خود جنرل جیلانی کی پیداوار تھے اور انہیں ضیاء الحق لے کر آئے تھے، نواز شریف زندگی کے اس حصے میں آکر اسٹیبلشمنٹ کیخلاف ہوگئے، اب وہ کہتے ہیں کہ میں بدل گیا ہوں اور ووٹ کو عزت دو، نواز شریف نے پرویز مشرف کے ساتھ بھی 10 سال کی ڈیل کی تھی۔ حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ نواز شریف بیماری کا بہانہ بناکر عالمی طاقتوں کے ذریعے باہر کیوں گئے؟ نواز شریف بدل چکے تو خواجہ آصف فون کرکے کیوں کہتے کہ میں ہار رہا ہوں، واقعی کسی میں جرات ہے تو لندن میں چھپ کر نہ بیٹھے، میدان میں آئے، ہم ساتھ ہیں، ہمیں بلا کر ایک بار نہیں تین بار دھوکہ کیا گیا، مولانا فضل الرحمان ایسے لوگوں کو کیوں نہیں روکتے، جمہوریت کسی کی میراث یا جاگیر نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 905536

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/905536/مولانا-فضل-الرحمان-جس-اسمبلی-کو-جعلی-کہتے-ہیں-وہاں-انکے-بیٹے-بھی-موجود-حافظ-حسین-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org