QR CodeQR Code

نوجوان نسل سوشل میڈیا پر ختم نبوتؐ کا بھرپور دفاع کرے، حافظ عمار یاسر

24 Dec 2020 07:50

فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم سب مسلمانوں پر فرض ہے کہ اپنے پیارے آقا نبی پاکؐ کے ختم نبوت کا تحفظ کریں، کیونکہ یہ ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے، مغربی میڈیا پر ختم نبوتؐ کے حوالے سے غلط پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ساتویں کانووکیشن کے تیسرے سیشن میں فیکلٹی آف میڈیسن اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور فیکلٹی آف فارما سیوٹیکل سائنسز کے 601 گریجوایٹس میں تعلیمی اسناد اور میڈلز کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔  صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والدین نے اپنے بچوں کی پرورش کی اور اساتذہ نے ان کی تعلیم و تربیت کے بعد انہیں اس قابل بنایا کہ آج یہ اپنے اپنے پروفیشن میں عملی زندگی کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا مجھے یونیورسٹی آف فیصل آباد میں آکر دلی طور پر خوشی محسوس ہوئی، یہاں کے اعلیٰ معیار تعلیم اور اس کے سٹیٹ آف دی آرٹ انفرا سٹرکچر، لیبارٹریز اور دیگر تعلیمی سہولیات کو دیکھ کر متاثر ہوا ہوں، اس کیلئے میں یونیورسٹی انتظامیہ کو خاص طور پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ حافظ عمار یاسر نے طلبہ و طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مسلمانوں پر فرض ہے کہ اپنے پیارے آقا نبی پاکؐ کے ختم نبوت کا تحفظ کریں، کیونکہ یہ ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے، مغربی میڈیا پر ختم نبوتؐ کے حوالے سے غلط پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، اس کے مقابلے کیلئے ضروری ہے کہ ہماری نوجوان نسل ہر ممکن سطح پر بالخصوص سوشل میڈیا پر ختم نبوتؐ کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے مثبت کردار ادا کرے۔


خبر کا کوڈ: 905817

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/905817/نوجوان-نسل-سوشل-میڈیا-پر-ختم-نبوت-کا-بھرپور-دفاع-کرے-حافظ-عمار-یاسر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org