0
Friday 25 Dec 2020 21:17

محکمہ صحت گلگت بلتستان کے ملازمین کو کرونا رسک الائونس کی منظوری

محکمہ صحت گلگت بلتستان کے ملازمین کو کرونا رسک الائونس کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ کرونا وائرس کے دوران خدمات سرانجام دینے والے محکمہ صحت کے 4 ہزار 2 سو ملازمین کیلئے کویڈ رسک الاﺅنس کی منظوری دیدی گئی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے محکمہ صحت کے ملازمین کیلئے کویڈ 19 رسک الاﺅنس کی منظوری دیدی ہے۔ فنانس ڈیپارٹمنٹ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ صحت کے ان ملازمین کو یہ الاﺅنس ملے گا جنہوں نے یکم جولائی 2020ء سے 30 ستمبر 2020ء تک کرونا کے دوران اپنی خدمات سرانجام دی ہوں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سکیل ایک سے 16 تک کے 3645 ملازمین کو ماہانہ 12 ہزار روپے، گریڈ 17 سے اوپر کے 557 ملازمین کیلئے ماہانہ 24 ہزار کے حساب سے الاﺅنس ملے گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اگر اس دوران کسی ملازم نے کسی بھی حوالے سے چھٹی کی ہو تو وہ الاﺅنس کا حقدار نہیں ہوگا۔ محکمہ صحت کے سکیل 16 سے نیچے کے 3645 اور گریڈ 17 سے اوپر کے 557 ملازمین کے علاوہ دیگر کسی بھی ملازم کو یہ الاﺅنس نہیں ملے گا۔ یاد رہے کہ نگران حکومت نے کرونا ڈیوٹی دینے والے محکمہ صحت کے ملازمین کیلئے خصوصی رسک الاﺅنس دینے کا اعلان کیا تھا جس کی بعد میں نگران کابینہ نے منظوری دی تھی۔ سابق وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن نے کرونا کے دنوں خدمات سرانجام دینے والے ملازمین کو اضافی تنخواہ دینے کا اعلان بھی کیا تھا لیکن اس اعلان پر عمل نہ ہو سکا۔
خبر کا کوڈ : 906148
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش