QR CodeQR Code

 جلد پاکستان کرونا وائرس اور ملک کو نقصان پہنچانے والے سیاسی وائرس سے نجات پائے گا، سراج الحق 

26 Dec 2020 22:01

منصورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ اڑھائی سال بعد تربیت نہ ہونے کے باعث وزیراعظم کے بیانات دراصل اپنی اور ٹیم کی نااہلی کا اعتراف ہے، وزیراعظم نے اپنے گھر کو قانونی بنا کر ماضی کے اپنے دعوے کی خود نفی کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اگر وزیراعظم بروقت ریکوڈک معاملات میں فیصلہ نہیں کرتے تو وہ کیا کر رہے ہیں؟ ایک خط بروقت نہ لکھنے کے باعث پاکستان کو چھ ارب بیس کروڑ ڈالر کے نقصان کا خدشہ ہے۔ حکومت کی نااہلی اور کاہلی کے باعث پی آئی اے کے تمام اثاثے داو پر لگ چکے ہیں، حکومتی کابینہ کے اجلاس میں سیاسی مخالفین کی سرکوبی کی بجائے قومی مسائل پر توجہ دیں۔ اگر وزیراعظم کو اس معاملے کی سمجھ نہیں ہے تو وہ کسی پڑھے لکھے آدمی سے پوچھ لیں، سپریم کورٹ اس پر عدالتی کمیشن قائم کرے تاکہ اب تک کی تمام کاروائی قوم کے سامنے آ سکے۔ جماعت اسلامی 27 دسمبر اتوار کو لکی مروت میں حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے بڑا جلسہ عام کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں کارکنان کی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے ایک واضح منشور اور ایجنڈے کے ساتھ میدان میں ہے۔ ہماری جدوجہد ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان کے لیے ہے۔ اسلامی نظام ہی ملک و قوم کے تمام مسائل کا حل ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جلد پاکستان کرونا وائرس اور ملک کو نقصان پہنچانے والے سیاسی وائرس سے نجات پائے گا۔ اڑھائی سال بعد تربیت نہ ہونے کے باعث وزیراعظم کے بیانات دراصل اپنی اور ٹیم کی نااہلی کا اعتراف ہے۔ وزیراعظم نے اپنے گھر کو قانونی بنا کر ماضی کے اپنے دعوے کی خود نفی کی ہے، جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر شوگرمافیا، لینڈمافیا، ڈرگ مافیا، چینی مافیا اور آٹا مافیا کا صحیح معنوں میں احتساب کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 906364

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/906364/جلد-پاکستان-کرونا-وائرس-اور-ملک-کو-نقصان-پہنچانے-والے-سیاسی-سے-نجات-پائے-گا-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org