QR CodeQR Code

قابض امریکی فوجیوں کو نکال باہر کرنا مزاحمتی محاذ کا حق ہے، شیخ قیس الخز علی

26 Dec 2020 22:39

ٹوئٹر پر جاری ہونیوالے اپنے ایک پیغام میں عوامی مزاحمتی فورس عصائب اہل الحق کے سیکرٹری جنرل نے لکھا ہے کہ ہم حکومت اور تمام حکومتی اداروں کیساتھ اپنی وابستگی کا ایک مرتبہ پھر اعلان کرتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ ملک سے امریکی قبضے کے خاتمے پر مبنی مزاحمتی محاذ کے حق، حکومتی رٹ کے قیام اور سفارتی مقامات کو نشانہ نہ بنانے پر بھی تاکید کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ عراقی سرکاری افواج میں شامل عوامی مزاحمتی فورس عصائب اہل الحق کے سیکرٹری جنرل شیخ قیس الخز علی نے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں ملک سے امریکی قبضے کے خاتمے کو ایک مرتبہ پھر مزاحمتی محاذ کا حق قرار دیا اور حکومتی رٹ کے قیام اور سفارتی مقامات کو نشانہ نہ بنانے پر تاکید کی ہے۔ شیخ قیس الخز علی نے لکھا ہے کہ حشد الشعبی کے ایک اہلکار کو (امریکی سفارتخانے پر راکٹ حملے کے) فریبکارانہ الزام میں گرفتار کئے جانے کے مسئلے کو عقل و تدبیر کے ساتھ حل کیا جانا چاہیئے۔ عصائب اہل الحق کے سیکرٹری جنرل نے لکھا کہ ہم حکومت اور تمام حکومتی اداروں کے ساتھ اپنی وابستگی کا ایک مرتبہ پھر اعلان کرتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ ملک سے امریکی قبضے کے خاتمے پر مبنی مزاحمتی محاذ کے حق، حکومتی رٹ کے قیام اور سفارتی مقامات کو نشانہ نہ بنانے پر بھی تاکید کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ عراقی وزیر داخلہ عثمان الغانمی نے جمعرات کے روز بغداد کے سفارتی گرین ایریا پر راکٹ حملے کے ناکام بنائے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ہم نے امریکی سفارت خانے پر راکٹ فائر کرنے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوسری طرف عراقی مزاحمتی محاذ کی جانب سے بغداد کے گرین سفارتی زون میں ہونے والے راکٹ حملوں کی مسلسل مذمت کی جاتی رہی ہے جبکہ عصائب اہل الحق کے سیکرٹری جنرل قبل ازیں بھی امریکی سفارت خانے پر ہونے والے راکٹ حملوں کی وسیع تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ یہ حملے عراق کے فائدے میں نہیں اور نہ ہی قابض امریکیوں کے ملک سے جلد نکل جانے میں موثر ہیں بلکہ الٹا یہ حملے قابض امریکیوں کے فائدے میں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 906370

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/906370/قابض-امریکی-فوجیوں-کو-نکال-باہر-کرنا-مزاحمتی-محاذ-کا-حق-ہے-شیخ-قیس-الخز-علی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org