QR CodeQR Code

ہمارے دور میں کسی وفد نے اسرائیل کا دورہ نہیں کیا، مریم اورنگزیب

27 Dec 2020 12:45

پی ایم ایل این کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسی حرکتوں پر ’’لعنت اللہ علی الکاذبین‘‘ ہی کہا جا سکتا ہے، ایسی بے بنیاد اطلاعات پھیلا کر سیاسی مخالفین کو نہیں پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کشمیر سمیت قومی مفادات پر قائداعظم کے اصولی موقف کی حامی اور پہریدار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں وفد اسرائیل بھجوانے کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ایسا کوئی دورہ یا رابطہ نہیں ہوا۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایسی حرکتوں پر ’’لعنت اللہ علی الکاذبین‘‘ ہی کہا جا سکتا ہے، ایسی بے بنیاد اطلاعات پھیلا کر سیاسی مخالفین کو نہیں پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کشمیر سمیت قومی مفادات پر قائداعظم کے اصولی موقف کی حامی اور پہریدار ہے، دراصل "انڈین ایجنٹ" بنانے والوں نے اپنی سیاہ کرتوت چھپانے کیلئے اب یہ نیا فتنہ تیار کیا ہے۔
 
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کشمیر کا سودا کرو تم، الزام لگاؤ نواز شریف پر؟ کابینہ کے وزیر کی خبریں آنے پر اب یہ الزام بھی نواز شریف پر؟ کوئی شرم، کوئی حیاء؟ نالائق، کرپٹ اور جھوٹا ٹولہ لاؤ تم اور ہر تباہی کا ذمہ دار نواز شریف؟ ترجمان مسلم لیگ (ن) نے مزید کہا کہ خبردار کرتے ہیں کہ یہ حربے بند کیے جائیں، ملکی مفاد میں ہماری خاموشی کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے، اس معاملے پر ہم نے بولنا شروع کیا تو جھوٹ پھیلانے والے کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 906470

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/906470/ہمارے-دور-میں-کسی-وفد-نے-اسرائیل-کا-دورہ-نہیں-کیا-مریم-اورنگزیب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org