QR CodeQR Code

عقیدہ و فکر کے اختلافات کے باوجود استعماری قومیں مسلمانوں کیخلاف متحد ہیں، مولانا حلیم اللہ قاسمی

27 Dec 2020 19:51

جمعیۃ علماء ہند مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ بھارت کے حالات اب ایسے بن گئے ہیں کہ راستہ چلتے آپ کو پکڑ لیا جائیگا اور مختلف دفعات لگادی جائیگی اور آپ یا آپکے متعلقین کچھ بھی نہیں کر پائینگے۔


اسلام ٹائمز۔ دنیا کی تمام استعماری قومیں اپنے لاکھ آپسی اختلاف کے باوجود مسلمانوں کے خلاف متحد و متفق ہیں۔ دنیا کی ایسی دو قومیں جن کے درمیان مذہبی اعتبار سے بہت دوری ہے لیکن یہ بھی مسلمانوں کے خلاف متحد و متفق ہیں۔ ایسے حالات میں علماء کرام کی ذمہ داریاں عوام کی بنسبت زیادہ ہوجاتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند مہاراشٹر نے ایک اجلاس بعنوان ’مسلم معاشرے کے سلگتے ہوئے مسائل‘ میں کیا۔ مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ دنیا کی محبت نے ہماری آنکھوں پر پردہ ڈال رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا معاشرہ جنگلی درندوں اور جانوروں کی طرح ہوگیا ہے، ہم اپنے مفاد کے لئے سب کچھ کر گزرتے ہیں، ہمیں معاشرہ کی تباہی کی کوئی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی کے سر کی چادر کے چھن جانے کی پرواہ نہیں، کسی کے یتیم یا بیوہ ہونے کی فکر نہیں، ہمیں صرف اپنی دنیا عزیز ہے، اپنے مفاد عزیز ہے۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ بھارت کے حالات اب ایسے بن گئے ہیں کہ راستہ چلتے آپ کو پکڑ لیا جائے گا اور مختلف دفعات لگادی جائے گی اور آپ یا آپ کے متعلقین کچھ بھی نہیں کر پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس لئے ہمیں حفاظت خود اختیاری کا پروگرام بنانا ہوگا، ترتیب بنانی ہوگی، لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔ مولانا حلیم اللہ قاسمی نے یہ بھی کہا کہ ہر زمانے کے علماء نے امت کی اصلاح کے لئے قربانیاں دی ہیں، فی الوقت ہندوستان میں بھی یہ امت ہر طرح کے داخلی و خارجی آزمائش سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین کی خدمت کے ساتھ معاشرے کے مسائل اور سارے چیلنجوں کا بھی مقابلہ کرنا آخری نبی کے امتی ہونے کے ناطے اب یہ ہماری ذمہ داری ہے۔


خبر کا کوڈ: 906514

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/906514/عقیدہ-فکر-کے-اختلافات-باوجود-استعماری-قومیں-مسلمانوں-کیخلاف-متحد-ہیں-مولانا-حلیم-اللہ-قاسمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org