QR CodeQR Code

پیپلزپارٹی نے وڈیروں کو مراعات دیکر سیاست یرغمال بنا لی، لیاقت بلوچ 

27 Dec 2020 20:31

ملتان سے جاری بیان میں جماعت اسلامی کے نائب امیر کا کہنا تھا کہ آئندہ دو سال میں بھی پی ٹی آئی حکومت سے اصلاح کی کوئی توقعات نہیں ہے، دوسری طرف اپوزیشن اتحاد توقعات کے عین مطابق افراتفری و مفادات کے ٹکراو کا شکار ہے، اپوزیشن نے اعلانات بڑے کردیے لیکن عمران خان کی طرح اپوزیشن کی بھی کوئی تیاری نہیں۔ 


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوام کے لیے دوہرا المیہ ہے کہ حکومت مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اور لاقانونیت بڑھا رہی ہے۔ گزشتہ اڑھائی سال سے آٹا، شوگر، پٹرول، ادویات بحران پیدا کر کے عوام کی جیبوں سے اربوں روپے لوٹ لیے گئے۔ عمران خان کی سربراہی میں حکومت نے کے پی کے کا بھی بیڑہ غرق کیا اور اب نااہلی اور بغیر تیاری کی حکومت سے وفاق کا بھی بھٹہ بٹھا یا جارہا ہے۔ آئندہ دو سال میں بھی پی ٹی آئی حکومت سے اصلاح کی کوئی توقعات نہیں ہے، دوسری طرف اپوزیشن اتحاد توقعات کے عین مطابق افراتفری و مفادات کے ٹکراو کا شکار ہے۔ اپوزیشن نے اعلانات بڑے کردیے لیکن عمران خان کی طرح اپوزیشن کی بھی کوئی تیاری نہیں۔ جماعت اسلامی کی تحریک، جدوجہد اسلام کی حکمرانی، آئین اور آزاد نظام لانے کے لیے ہے۔ پورے ملک کے عوام اور بالخصوص نوجوانوں کی خوشحالی کا واحد علاج خودانحصاری، سود قرضوں اور کرپشن سے نجات میں ہے۔ ملک بھر کے نوجوانوں نے ہمیشہ بڑے ارمانوں، جذبوں اور تمناوں سے پی پی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کا ساتھ دیا لیکن سب نے اپنی نااہلی اور ناکامی سے مایوس کیا۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، پاکستان خوشحال، مستحکم اور باوقار ملک بنے گا۔

دریں اثنا لیاقت بلوچ سے جے یو آئی یوتھ سندھ، بلوچستان کے نوجوانوں نے ملاقات کی اور نوجوانوں کے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ سردار، وڈیرے، چاپلوس مفاد پرست گروہ قومی وسائل لوٹ کر کھا رہے۔ نوجوان تعلیم، ہنر، روزگار سے محروم ہیں۔ سی پیک منصوبوں کی بنیاد پر حکومت کی بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے کوئی ترجیح نہیں۔ بے روزگاری، لاقانونیت، زندہ انسانوں کو لاپتہ کر دینے سے نوجوان قوم پرستی، بغاوت و مایوسی کا شکار ہورہے ہیں۔ مسلم لیگ، پی پی کی ناکامیوں کے بعد عمران خان سرکار نے پوری قوم کو قلیل مدت میں مایوس کر دیا ہے۔ ملکی تاریخ کی یہ سب سے زیادہ بے کار حکومتیں ہیں۔ پی پی نے وڈیروں کو تمام ناجائز مراعات دے کر سندھ کی سیاست کو یرغمال بنالیا ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 906527

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/906527/پیپلزپارٹی-نے-وڈیروں-کو-مراعات-دیکر-سیاست-یرغمال-بنا-لی-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org