0
Monday 28 Dec 2020 16:51

اپوزیشن کی لڑائی عمران خان سے کم اور نیب کے ساتھ زیادہ ہے، شیخ رشید

اپوزیشن کی لڑائی عمران خان سے کم اور نیب کے ساتھ زیادہ ہے، شیخ رشید
اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کچھ بھی کرسکتے ہیں لیکن این آر او کسی صورت نہیں دیں گے اور نہ نیب ختم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سب کی لڑائی عمران خان سے کم اور نیب کے ساتھ زیادہ ہے، ان کی لڑائی ہے کہ منظور پاپڑ والا اورباقی کیسز بھول جاؤ۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آپ دیکھیں گے یہ استعفے بھی نہیں دیں گے اور پوری امید ہے یہ سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کمپیوٹر ائز استعفوں کا کوئی مطلب نہیں ہوتا، دینے ہیں تو ہاتھ سے لکھ کردیں۔ وزیراعظم کا ایک ہی موقف ہے کہ مذاکرات ہوں یا نہ ہوں این آر او نہیں ملے گا۔

انکا کہنا تھا کہ گزشتہ روز آصف زرداری نے جیلیں بھرنے کی بات کی، آصف زرداری نے جیلوں سے زیادہ وقت اسپتال میں گزارا، آصف زرداری کو علم ہے جیل کے اثرات سے بچنے کیلیے کیا کرنا ہوتا ہے۔ شیخ رشید نے کہا گزشتہ روز مراد علی شاہ نے وزیراعظم بلاول کا نعرہ لگایا، میں کہتا ہوں آپ کو انڈر19 کے ساتھ ہی کھیلنا ہے تو دوسروں کے حال پر رحم کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ لانگ مارچ اور لونگ مارچ میں فرق ہوتا ہے، اگر یہ اسلام آباد آتے ہیں تو ہم استقبالیہ کیمپ لگانے پر غور کریں گے، ہم نے چوکیاں ختم کی ہیں، وہاں پولیس گاڑیاں کھڑی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم لانگ مارچ کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، لانگ مارچ  اور لونگ مارچ میں فرق ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا اسلام آباد میں پٹواریوں کا خاتمہ کریں گے، غیر ضروری محکموں کو ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 906692
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش