0
Monday 28 Dec 2020 17:00

سیاست چمکانے کے لیے اداروں پر انگلیاں اٹھانے والے جمہوریت کے علمبردار نہیں ہوسکتے، عمران خان

سیاست چمکانے کے لیے اداروں پر انگلیاں اٹھانے والے جمہوریت کے علمبردار نہیں ہوسکتے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست کے تمام ستون اپنے دائرہ کار میں رہ کر ملک کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ دفتر وزیراعظم سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور ظہیرالدین بابر اعوان نے ملاقات کی۔ مذکورہ ملاقات میں آئینی، قانونی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے جمہوریت کی مضبوطی کے لیے اداروں کے مضبوط ہونے کو اہم قرار دیا۔ مشیر پارلیمانی امور سے گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنی سیاست چمکانے کے لیے اداروں پر انگلیاں اٹھانے والے کسی قیمت پر جمہوریت کے علمبردار نہیں ہوسکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے تمام ستون اپنے دائرہ کار میں رہ کر ملک کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔
 
ملاقات کے دوران بابر اعوان نے معاشی استحکام اور کورونا سے بچاؤ کی حکومتی پالیسیوں کو حکومت کی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ اندھیرے فروشوں کا پاکستان میں اب کوئی مستقبل نہیں۔ خیال رہے کہ اگرچہ اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کسی کا نام نہیں لیا تاہم ان کا یہ بیان حالیہ دنوں میں اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک اور اداروں کے خلاف بیان بازی پر ردعمل کو ظاہر کر رہا ہے۔ گزشتہ دنوں بھی وزیراعظم عمران خان نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ملک کی تاریخ میں جس طرح سیاسی اپوزیشن جماعتوں نے فوج پر حملہ کیا وہ اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا اور وہ زبان استعمال کی جارہی ہے جو بھارت کی پروپیگنڈا مشین پاکستان کے خلاف استعمال کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا مؤقف یہ ہے کہ الیکشن میں فوج نے دھاندلی کروائی اس لیے حکومت سلیکٹڈ ہے لیکن کوئی ان سے پوچھے کہ اگر انتخابات می دھاندلی ہوئی ہے تو کیا آپ الیکشن کمیشن، سپریم کورٹ گئے یا پارلیمنٹ میں آئے کسی فورم پر آپ نے کہا کہ دھاندلی ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 906693
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش