0
Monday 28 Dec 2020 18:03
ایس او پیز پہ عملدرآمد کیساتھ مدارس کھلے رہیں گے

ڈی آئی خان، مدارس اور ضلعی انتظامیہ کےمابین اہم مذاکرات کامیاب

ڈی آئی خان، مدارس اور ضلعی انتظامیہ کےمابین اہم مذاکرات کامیاب
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام مدارس کے سربراہوں کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پہ عملدرآمد کے ساتھ تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر عارف اللہ خان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ، اسسٹنٹ کمشنر کلاچی سمیت مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور مدارس کے مہتمم حضرات نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پہ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہم کورونا وائرس کی دوسری خطرناک لہر سے گزر رہے ہیں، بہتر انتظامات اور احتیاطی تدابیر کی وجہ سے کورونا سے کامیابی کے ساتھ نمٹںے میں کامیاب ہوئے، یہ بھی حقیقت ہے کہ مدارس کے اندر انتظامات مدرسین، مہتمم اور انتظامیہ نے کیئے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں اس وقت کورونا کے دو سو مثبت کیسز ہیں، جن میں 20 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ 20 افراد جلد ہی صحتیاب ہو جائیں گے، باقی 160 افراد میں سے کوئی ایک بھی تشویشناک حالت میں نہیں۔ ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ سکولز میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے سکولز بند کئے گئے جبکہ مدارس کے کھلنے یا بندش سے متعلق صوبائی حکومت کو جلد ہی مدارس کے اجتماعی فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ان دنوں اجتماع سے گریز کیا جائے۔ مدارس کے سربراہوں نے بتایا کہ نزلہ، کھانسی یا بخار کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹرز سے رجوع کیا جاتا ہے۔ ڈیرہ میں اس وقت 450 مدارس ہیں، جن میں ہزاروں طلباء زیرتعلیم ہیں۔ مدارس کی انتظامیہ نے طلباء کی صحت کے حوالے سے اہم اجلاس بلایا گیا تھا، جس میں حفاظتی تدابیر پہ سو فیصد عمل کرنے پہ اتفاق کیا گیا تھا اور اس پہ عمل بھی جاری ہے۔ مدارس کے سربراہوں نے ضلعی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے تمام ایس او پیز پہ عمل جاری رہے گا، جس پہ انتظامیہ نے آمادگی کا اظہار کیا۔ آخر میں اجتماعی دعا مانگی گئی۔ 
خبر کا کوڈ : 906703
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش