0
Monday 28 Dec 2020 22:22

نیگورنو کاراباخ، حملے میں ایک آذری فوجی ہلاک

نیگورنو کاراباخ، حملے میں ایک آذری فوجی ہلاک
اسلام ٹائمز۔ آذربائیجان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ نیگورنو کاراباخ میں ہونے والے ایک حملے میں ایک فوجی ہلاک ہوا۔ خبر ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق آذربائیجان کی وزارت دفاع نے بتایا کہ نیگورنو کاراباخ میں حملہ پیر کی صبح ہوا۔ دوسری جانب آرمینیا کے حکام نے آرمینیائی باغیوں اور آذربائیجان کی فورسز کے درمیان خطے میں تصادم کی رپورٹس کی تردید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں اس طرح کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان گزشتہ ماہ روس کی ثالثی میں جنگ بندی معاہدے کے بعد خطے میں تصادم کی یہ پہلی رپورٹ نہیں ہے بلکہ رواں ماہ کے دوسرے عشرے میں بھی خبریں آئی تھیں کہ آرمینائی اور آذربائیجان کی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان 1990 میں سوویت یونین سے آزادی کے ساتھ ہی کاراباخ میں علیحدگی پسندوں سے تنازع شروع ہوا تھا اور ابتدائی برسوں میں 30 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

دونوں ممالک کے درمیان 1994 سے حالیہ لڑائی تک تنازع کے حل کے لیے مذاکرات میں واضح پیش رفت نہیں ہوسکی تھی، تاہم جنگ بندی کے متعدد معاہدے ہوتے رہے۔ آرمینیا کے پشت پناہی کے ساتھ آرمینیائی نسل کے علیحدگی پسندوں نے 1990 کی دہائی میں ہونے والی لڑائی میں نیگورنو-کاراباخ خطے کا قبضہ باکو سے حاصل کرلیا تھا لیکن نیگورنو کاراباخ کو بین الاقوامی سطح پر آذربائیجان کا حصہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ بعد ازاں فرانس، روس اور امریکا نے ثالثی کا کردار ادا کیا تھا لیکن 2010 میں امن معاہدہ ایک مرتبہ پھر ختم ہوگیا تھا۔ نیگورنو کاراباخ میں حالیہ جھڑپیں 27 ستمبر کو شروع ہوئی تھیں اور فرانس، روس اور امریکا کی طرف سے سیز فائر کی کوششیں کی جارہی تھیں۔ آرمینیا اور آذربائیجان نے بدترین لڑائی کے بعد 9 نومبر کو جنگ بندی معاہدے کا اعلان کیا تھا اور آذربائیجان میں اس کو فتح کے طور پر منایا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 906739
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش