0
Tuesday 29 Dec 2020 13:12

بلتستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور رجسٹرار کیخلاف سکردو میں شٹر ڈائون ہڑتال، مظاہرے

بلتستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور رجسٹرار کیخلاف سکردو میں شٹر ڈائون ہڑتال، مظاہرے
اسلام ٹائمز۔ بلتستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور رجسٹرار کیخلاف سکردو میں شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی ہے جبکہ شہر میں جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ بلتستان یونیورسٹی کے وی سی اور رجسٹرار کی مبینہ بدعنوانیوں اور کرپشن کیخلاف بلتستان کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔ منگل کے روز سکردو شہر میں شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی، شہر میں دکانیں اور مارکیٹیں بند ہیں۔ دوسری جانب سینکڑوں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا اور گو وی سی گو کے نعروں سے سکردو شہر کی فضا گونج اٹھی۔ مظاہرین کا موقف ہے کہ وی سی اور رجسٹرار نے غیر قانونی بھرتیوں اور کرپشن کے ذریعے جامعہ بلتستان کو تباہی کے دہانے پہنچا دیا ہے۔ جب تک وی سی اور رجسٹرار کو یونیورسٹی سے نہیں نکال دیا جاتا تب تک عوام کا احتجاج جاری رہے گا۔

 یاد رہے کہ یونیورسٹی آف بلتستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان اور رجسٹرار وسیم اللہ جان کیخلاف کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں کے سنگین الزامات لگ رہے ہیں۔ دونوں پر الزام ہے کہ انہوں نے بلتستان کے قابل ترین، پڑھے لکھے نوجوانوں کو دیوار سے لگا کر من پسند افراد کو بھرتی کیا، موجودہ رجسٹرار وسیم اللہ جان کو بھرتی کرنے کیلئے وی سی نے نصف درجن کے قریب پی ایچ ڈی سکالرز کو فیل کر کے ایم بی اے کی ڈگری والے وسیم اللہ جان کو رجسٹرار تقرر کیا۔ واضح رہے کہ وائس چانسلر کی پالیسیوں کیخلاف بلتستان یونیورسٹی کے سلیکشن بورڈ کے نصف سے زائد ارکان نے کئی اجلاسوں کا بائیکاٹ بھی کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 906836
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش