0
Wednesday 30 Dec 2020 23:56

امسال غاصب صیہونی رژیم کے ہاتھوں 500 بچوں اور 118 خواتین سمیت 4700 فلسطینی گرفتار

امسال غاصب صیہونی رژیم کے ہاتھوں 500 بچوں اور 118 خواتین سمیت 4700 فلسطینی گرفتار
اسلام ٹائمز۔ قیدیوں کے حقوق سے متعلق ایک فلسطینی مرکز نے تازہ نشر ہونے والی اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم نے جاری سال کے دوران اپنے بھونڈے بہانوں کے تحت کل 4 ہزار 700 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کیا ہے جن میں 550 بچے اور 118 خواتین بھی شامل ہیں۔ عرب ای مجلے قدس پریس کے مطابق "قیدیوں کی دیکھ بھال کے فلسطینی ادارے" نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ سال 2020ء کے دوران غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے برتے جانے والے امتیازی سلوک کے باعث فلسطینی قیدیوں کو صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے حوالے سے بدترین صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث کم از کم 140 فلسطینی قیدی کرونا وائرس اور متعدد سرطان و دل کے عارضے میں مبتلا ہوئے ہیں۔

غزہ کی پٹی میں قائم فلسطینی مرکز برائے امور اسراء کے محقق ریاض الاشقر نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ غاصب صیہونی رژیم کے تمام سکیورٹی، فوجی، سیاسی اور میڈیا اداروں کی جانب سے سال 2020ء کے دوران فلسطینی قیدیوں کے خلاف روا رکھے جانے والے نسل پرستی اور بے جا سختی پر مبنی اپنے اقدامات کو مزید سخت کر دیا ہے جبکہ صیہونی جیلوں میں قید فلسطینی شہریوں کو علاج معالجے اور خاندان کے ساتھ ملاقات جیسے انتہائی بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قیدیوں کو صیہونی جیلوں میں نہ صرف تشدد اور ضرب و شتم کا نشانہ بنایا جاتا ہے بلکہ انہیں انتہائی غیر انسانی ماحول میں رہنے پر بھی مجبور کیا جاتا ہے۔

ریاض الاشقر کا کہنا تھا کہ گرفتار کئے جانے والے افراد کی تعداد کے لحاظ سے مقبوضہ قدس شریف سر فہرست ہے جہاں سے اس سال کے دوران 2000 بے گناہ فلسطینیوں کو قید کیا گیا جبکہ یہ تعداد تمام علاقوں سے گرفتار کئے جانے والے فلسطینی شہریوں کی کل تعداد کا 42 فیصد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد شہر الخلیل ہے جہاں سے اس سال 700 بے گناہ فلسطینیوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں غیر انسانی صورتحال میں قید فلسطینی شہریوں میں فلسطینی قانون ساز کونسل (Palestinian Legislative Council) کے 9 اراکین سمیت 145 انتہائی مریض و اپاہج افراد بھی شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 907116
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش