0
Thursday 31 Dec 2020 20:39

خدا کرے نیا سال کورونا جیسی وبا سے نجات کا سال ثابت ہو، زہراء نقوی

خدا کرے نیا سال کورونا جیسی وبا سے نجات کا سال ثابت ہو، زہراء نقوی
اسلام ٹائمز۔ سال 2021ء کے آغاز پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہراء نقوی نے کہا کہ سال 2020ء کی ابتداء سے ہی کرونا وائرس جیسی خطرناک وبا نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں بے شمار قیمیتی جانیں ضائع ہوئیں اور ابھی تک دنیا اس وبا کے تباہ کن اثرات سے چھٹکارا حاصل نہیں کر پائی، لیکن امید کرتے ہیں کہ نئے سال میں خداوند عالم کی رحمت سے ہم اس بیماری سے مکمل چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پاکستان اس وقت اندرونی اور بیرونی اقتصادی، معاشی اور سیاسی طور پر بے شمار مسائل کا شکار ہے اور ملک میں امن و خوشحالی کے استحکام کیلئے حکومت کیساتھ ساتھ عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ آنیوالا سال امیدیں اور توقعات لے کر آتا ہے اور انسان کے عزم کو پھر سے جوان کرتا ہے کہ جو کام پچھلے سال ادھورے رہ گئے، انہیں اس سال مکمل کر لینا ہے، افراد کی طرح اقوام کی زندگی میں بھی نیا سال ایک خاص اہمیت کا حامل ہوتا ہے، یہ قوموں کو موقع فراہم کرتا ہے کہ گذشتہ غلطیوں سے سبق سیکھ کر آنیوالے سال میں اسکا ازالہ کرنے کی کوشش کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں سال نو امید، عزم اور ارادوں کو مضبوط کرتا ہے، وہیں اس بات کا بھی شدت سے احساس دلاتا ہے کہ ہماری زندگی کا ایک اور سال کم ہوگیا ہے، لہذا ہمیں اور زیادہ ذمہ داریوں کیساتھ اپنے فرائض ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا سال کا آغاز جمعہ کے مبارک دن سے ہو رہا ہے، لھذا امن و سلامتی کی دعاؤں کے ساتھ اس کا آغاز کیا جائے، اس امید کے ساتھ کہ نیا آنیوالا سال پاکستانیوں کیلئے خیر و عافیت اور خوشحالی لیکر آئے۔ سیدہ زہراء نقوی کا کہنا تھا کہ اللہ رب العالمین سے دعا ہے کہ وہ اس خطہ ارض کو محبت و احترام، باہمی رواداری اور امن و سلامتی کا مرکز بنائے، دنیا بھر کے مظلومین و مستضعفین خصوصاً کشمیر و فلسطین کے غیور عوام کو غلبہ عطا فرمائے اور اسلام و ملک دشمن قوتوں کو نیست و نابود فرمائے۔ آمین
خبر کا کوڈ : 907244
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش